وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر آج سعودی عرب جائیں گے
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف آج 28 سے 30 اپریل 2022 تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا بیرون ملک دورہ ہوگا۔ دورے کے دوران کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگا۔ اس دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کریں گے اور خاص طور پر دو طرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور سعودی عرب میں، پاکستانی افرادی قوت کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ سعودی عرب جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا رکن ہے۔ مملکت سعودی عرب میں مقیم 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔