• news

خواتین کرکٹرز کی تلاش ، ملک بھر میں ٹرائلز کا اعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ویمنز کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا احسن اقدام سامنے آیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ  کے مطابق پی سی بی نے خواتین کھلاڑیوں کے پول کو وسعت دینے کیلئے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے اگلے ماہ ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز لینے کا اعلان کیا ہے۔یہ ٹرائلز تین مختلف کیٹیگریز میںلئے جائیں گے، جس میں انڈر 19، ایمرجنگ اور سینئر خواتین کھلاڑیوں کی کیٹیگریز شامل ہیں، انڈر نائنٹین کٹیگری میں صرف وہ کھلاڑی شامل ہوں گی جو یکم ستمبر 2003ء یا اس کے بعد پیدا ہوئیں۔ایمرجنگ کیٹیگری کیلئے عمر کی حد19 سے24 سال تک مقرر کی گئی ہے۔25 سے 28سال تک کی خواتین کھلاڑی سینئر کیٹیگری میں ٹرائلز دینے کی اہل ہوں گی۔زیادہ سے زیادہ نئی خواتین کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ریجنل اکیڈمیز کی خواتین کرکٹرز ان ٹرائلز میں شرکت کرنے کی اہل نہیں ہوں گی۔ملک بھر میں منعقدہ ان ٹرائلز کی نگرانی سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کریں گے جبکہ پی سی بی پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن 2022-23ء میں100 خواتین کرکٹرز شرکت کریں گی۔پی سی بی کے مطابق ملک بھر میں منعقدہ یہ ٹرائلز فروری2023ء میں جنوبی افریقہ میں شیڈول آئی سی سی انڈر19ٹی ٹونٹی ویمنز ورلڈکپ کی بینچ سٹرینتھ کی مضبوطی کا بھی سبب بنیں گے۔ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی اور فروغ کیلئے لیے ضروری ہے کہ ملک بھر کی نو عمر لڑکیوں اور خواتین تک اس کھیل کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔اس اقدام سے انہیں باصلاحیت کرکٹرز کی تلاش میں مدد ملے گی، جن کی مکمل تیاری کیلئے انہیں ضروری سہولیات اور باقاعدہ تربیت فراہم کی جائیگی۔ وہ تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی مشکور ہیں کہ جنہوں نے بورڈ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہوئے اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن میں خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہاکہ جب انہوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی تو اس وقت اس کھیل میں خواتین کیلئے مناسب مواقع میسر نہیں تھے تاہم پی سی بی کے اس اقدام سے اب یہ کھیل ہر خواہشمند خاتون کرکٹر کی رسائی میں ہوگا جو یقیناً ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی کا سبب بنے گا۔

ای پیپر-دی نیشن