• news

محکمہ جاتی ‘علاقائی کرکٹ کی بحالی ضروری ہے : غلام دستگیر 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر کا کہنا ہے کہ ملکی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں محکمہ جاتی اور علاقائی کرکٹ کی بحالی ضروری ہے۔عمران خان نے کرکٹ کو تباہ کردیا‘ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کرتا ہوں کہ سینکڑوں کرکٹرز کو بے روزگار کرنے اور کھیل کے مواقع سے محروم کرنیوالے موجودہ نظام کو ختم کیا جائے۔ ملک کو مرحوم عبدالحفیظ کاردار کے محکمہ جاتی نظام کی ضرورت ہے جلد از جلد بحال کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ کے سابق رکن محمد نعمان بٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خواجہ نوید لون کیساتھ ملاقات میں کیا۔ نعمان بٹ اور نوید لون نے غلام دستگیر خان کو خرم دستگیر کے وفاقی وزیر بننے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نعمان بٹ کا کہنا ہے گذشتہ تین برس سے مسلسل محکمہ جاتی اور علاقائی کرکٹ کی بحالی کیلئے آواز بلند کر رہا ہوں ۔ وقت آ گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ میں تبدیلی لازمی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید لون کا کہنا تھا ہماری قیادت پہلے ہی محکمہ جاتی کرکٹ کی بحالی کیلئے آواز بلند کر چکی ہے۔
 امید ہے کہ ملکی کرکٹ کے بہتر مستقبل کیلئے وہ نظام بحال کیا جائیگا جو کرکٹرز کو کھیل کے مواقع اور ان کا معاشی مستقبل محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن