عمران نے مافیا کو ترقی دی یہ عوام کیخلاف سازش تھی : حمزہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے نو منتخب وزیر اعلیٰ میاں حمزہ شہباز کی صدارت میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے علاوہ ترین گروپ، علیم خان گروپ اور اسد کھوکھر گروپ نے بھی شرکت کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی نے جھوٹ بول بول کر ناک میں دم کردیا۔ ایوان اقبال میں ہارا ہوا شخص عمران نیازی رو رہا تھا، ابھی تو توشہ خانہ کا معاملہ شروع ہوا ہے، ابھی تو فارن فنڈنگ کا جواب دینا ہے، تمہارے سپیکر، ڈپٹی سپیکر، صدر اور گورنر آئین پاکستان کے پاسدار نہیں ہیں بلکہ تمہارے غلام بن چکے ہیں۔ یہ بچے آج کہہ رہے ہیں ہم تمہارے غلام نہیں ہیں۔ فرح گوگی نامی عورت دو سو کنال زمین کوڑیوں کے بھاؤ لیتی ہے اور بیچ دیتی ہے، جس مافیا کی یہ بات کرتا تھا وہ بنی گالہ کے اندر بیٹھا ہوا تھا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایجنڈا مکمل کئے بغیر ملتوی کرنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، مخالفین شکست کو دیکھ کر دم دبا کر بھاگ گئے، ان کا ایجنڈا فساد برپا کرنا تھا اور وہ اپنے اس ناپاک ایجنڈا کی تکمیل میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے، حلف ان شاء اللہ ہوگا، جسے کسی صورت روکا نہیں کس سکتا، عمران نیازی کی سیاست کا جنازہ دھوم سے نکلا ہے، یہ کھلاڑی نہیں ہے کھلنڈرا ہے، اس نے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، اس نے چھ ماہ میں پاکستان کی معیشت کا دھڑن تختہ کر دیا، اڑتیس فیصد روپے کی قدر کم کی گئی، اس نے خودکشی نہیں کی لیکن آئی ایم ایف کے پاس چلا گیا۔ جب نواز شریف نے حکومت چھوڑی گروتھ ریٹ پانچ اعشاریہ سے اوپر تھا۔ جب نیازی آیا تو گروتھ ریٹ مائنس پر چلا گیا۔ اس نے مزدور کے خلاف سازش کی ہے، سازشیں خود کرتے ہو اور بنی گالا کی چوٹی پر بیٹھ کر سازش کی بات کرتے ہو، نیچے اتر کر دیکھو عوام کے کیا حالات ہیں، اس نے مافیا کو سزا دینے کی بجائے ترقی دی، یہ اس کی سازش عوام کے خلاف ہے، عمران خان کے خلاف سازش نہیں ہوئی تم نے پاکستان کی قوم کے خلاف غربت، بے روزگاری، معیشت کو تباہ کر کے سازش کی ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ ایک مہینے سے پنجاب کا کوئی والی وارث نہیں ہے، صدر چھٹی پر چلا جاتا ہے، گورنر بیمار ہوجاتا ہے لیکن ن لیگ حکومت بنائے گی، چار سال کا حساب تو دو، تم نے اس قوم کے لئے کیا کیا ہے۔