27 ویں شب عقیدت و احترام سے منائی گئی، جمعۃ الوداع، یوم القدس آج
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں 27 رمضان المبارک کی شب کو لیلۃ القدر کی مناسبت سے انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ قیام اللیل اور شب بیداری کی محافل ہوئیں جن میں اللہ تعالیٰ کے حضور اجتماعی توبہ و استغفار و رجوع الی اللہ، عبادات، تلاوت، ذکر و اذکار و نوافل ادا کئے گئے۔ مساجد، گھروں اور بڑے اجماعات میں ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ملک بھر میں ستائیس رمضان المبارک کو بیشتر مساجد میں تکمیل قرآن پاک کی تقاریب منعقد ہوئیں، جن میں عشرہ رمضان المبارک کے دوران قرآن پاک سنانے والوں کو دستار اور خصوصی انعامات سے نوازا گیا جبکہ ملک بھر کی بڑی مساجد میں محافل شبینہ کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔ ملک بھر میں آج یوم القدس اور جمعۃ الوداع منایا جائے گا۔ مختلف مذہبی جماعتوںکی طرف سے بیت المقدس کی آزادی کے لئے آج جمعۃ المبارک کو یوم القدس کے طور پربھی مناکر مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔