• news

باادب لوگ بدتمیزی کرنیوالوں سے کہیں زیادہ ہیں : مریم اورنگزیب 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ردعمل میں کہا ہے میں اس شخص کا نام اس پاک زمین پر نہیں لوں گی کیونکہ میں اس زمین کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہتی۔ ایک خاص گروپ تھا اس کے علاوہ بہت سے جوان، بچے، بوڑھے اور خواتین وہاں پر موجود تھے جو ہمیں ہاتھ ہلا رہے تھے۔ جن کو مسجد نبویؐ کی حرمت اور پاکیزگی کا خیال تھا میں نے یہاں پہلی دفعہ قدم رکھا تھا میں نے ان کی ہدایت کیلئے دعا کی ہے لیکن انہوں نے جو اس معاشرے کی تباہی کی جو آج اس طرح کی بدتمیزی اور رویہ تھا بہت سا معاشرہ طبقہ موجود ہے جو اس سے زیادہ ہے جو روایات کی اہمیت جانتا ہے لیکن یہ جو چیزیں ہیں ان کو وقت لگے گا اور یہ ہمارے مثبت رویے سے ٹھیک ہو گا۔ انہوں نے کہا با ادب لوگ بدتمیزی کرنے والوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ ہمارے کارکن بھی آئے ہوئے تھے لیکن ہم نے ان کو ہدایت جاری کی کوئی بھی مسجد کے احاطے میں ان کو دیکھتے ہوئے ایسی بدتمیزی نہ کرے۔   علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری مسترد کردی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت کی نالائقی، نااہلی اور غلطیوں کی سزا عوام کو نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی ستائی عوام پہ مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب مثالی دوستی کا ایک نیا تاریخی باب کھولے گا، چار سال کے دور گھبراہٹ کے بعد پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر سے آباد ہونے جا رہی ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محسن اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہبازشریف حجاز مقدس کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 28سے 30اپریل کا یہ تین روزہ دورہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد محمد شہبازشریف کا پہلا غیرملکی دورہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ، پرجوش اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی تعلقات کی تجدید کا مظہر ہے اور مثالی دوستی کا ایک نیا تاریخی باب کھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ  استحکام، ترقی اور خوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو۔ عمرہ کی سعادت اور روضہ رسول پاکﷺ پر درود و سلام پڑھنے کی برکتیں ہمارے ساتھ ہوں گی۔ سعودی عرب پاکستان دوستی ہمیشہ زندہ باد۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اینکر پرسن کی گرفتاری سے متعلق قیاس آرائی شرانگیز پراپیگنڈا مہم کا حصہ ہے۔ شک کی بنیاد پر پٹیشن دائر کرنے والوں کو ثبوت دینے چاہئیںتھے، یہ عمران صاحب کی فسطائی حکومت نہیں جس میں صحافیوں کو ٹارگٹ کیا جائے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آئین شکن، میڈیا اور عوام دشمن ٹولہ فیک نیوز نیٹ ورک بن چکا ہے۔مدینہ منورہ سے خبرنگارخصوصی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی کابینہ اور اتحادی جماعتوں کی ترجیح عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے، عوام کو روزگار بھی ملے گا، معیشت بھی ٹھیک ہوگی، یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  ہمارے کارکن بھی یہاں آئے تھے، ان میں بھی جذبہ موجود ہے لیکن انہیں ہدایت کی گئی تھی غیر مناسب رویہ نہ اپنایا جائے، یہی ان میں اور ہم میں فرق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن