حنا ربانی کھر سے ایرانی، پولش، سویڈن اور کیوبا کے سفیروں کی ملاقاتیں
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے وزارتِ خارجہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کے ساتھ ملاقات۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایران کی مستقل حمایت کو سراہتے ہیں۔ پاکستان اور ایران کے مابین اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر نقطہ نظر کی مماثلت خوش آئند ہے۔ پاکستان میں کیوبا کے سفیر زینر کارو بھی حنا ربانی کھر سے ملے۔ حنا ربانی کھر نے پاکستان اور کیوبا کے مابین دو طرفہ تعلقات کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ 2005ء کے زلزلے کے دوران کیوبا کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ معاونت کو سراہا۔ حنا ربانی کھر سے پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میکیج پسارسکی اور سویڈن کے سفیر ہنرک پرسن نے بھی ملاقات کی۔ یوکرائن کیلئے بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس کے حوالے سے تبادلہء خیال کیا گیا۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان تمام شورش زدہ علاقوں میں شہریوں کو انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس ضمن میں ہم نے گزشتہ ماہ ہنگامی طور پر امدادی سامان کے دو طیارے روانہ کیے ہیں۔