• news

القدس امت مسلمہ کا باہمی  مسئلہ ہے: حسن رضا ہمدانی 


لاہور ( خصوصی نامہ نگار)مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر متحدہ علماء بورڈ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا ہے کہ 27 رمضان المبارک جمعہ کے روز اسرائیلی جارحیت کے خلاف پنجاب بھر میں یوم القدس منایا جائے گا اور فلسطین ،کشمیر و یمن کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے بھرپور انداز میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ لاہور کی مرکزی القدس ریلی مسجد صاحب الزمان حیدر روڈ اسلام پورہ سے پنجاب اسمبلی حال تک نکالی جائے گی۔ ریلی کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی، صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویڑن حیدر ثقفی و دیگر قائدین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں علامہ اقبال اور قائد اعظم کے نظریات ہمارے لیے بہترین لائحہ عمل ہیں۔القدس مسلکی مسئلہ نہیں بلکہ امت مسلمہ کا باہمی مسئلہ ہے۔کشمیر و فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کے بدترین واقعات رقم کئے جا رہے ہیں جن کے خلاف اقوام عالم کو انسانی اور اخلاقی بنیادوں پر  آواز بلند کرنی چاہئے۔ ظالموں کی مخالفت اور مظلوموں کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔امریکہ ، بھارت اور اسرائیل دور عصر کے سب سے بڑے ظالم اور غاصب ہیں۔


ان کے خلاف ملت تشیع بھرپور انداز میں احتجاج جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ القدس پر اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے کا وقت بہت قریب ہے۔القدس کی آزادی کو اب  دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔فلسطین کی وہ قوم جو کل تک اسرائیلی ٹینکوں کا مقابلہ پتھروں سے کرتی تھی آج جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ عوامی مزاحمت نے اسرائیل کوعملی اورفکری طور پر شکست فاش سے دوچارکیا ہے۔امریکہ کے کندھے پر سوار ہو کر اسرائیل زیادہ دیر تک اپنی بقا کی جنگ نہیں لڑسکے گا۔فلسطین کی اس ترقی نے اسرائیل اور اس کے حواریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔اپنے وسعت پسندانہ عزائم کی تکمیل کے لیے دیکھے جانے والے گریٹر اسرائیل کے خواب آج چکنا چور ہو چکے ہیں اور  صیہونی اپنے غاصب حصے پر قبضہ برقرار رکھنے کے لیے بوکھلاہٹ میں ہاتھ پاوں مار رہے ہیں۔اسرائیل کی اس ناکامی کا سارا کریڈٹ امام خمینی کو جاتا ہے جنہوں نے انقلاب ایران کے بعد القدس کے مسئلے کو زندہ رکھنے کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔انقلاب ایران کے بعد امام خمینی  نے جمعۃ الوداع کے موقع پرپوری دنیا کے اندریوم القدس منانے کااعلان اس وقت کیا جب عالمی قوتیں اسرائیل کو ایک اٹل حقیقت منوانے پر تلی ہوئی تھیں۔انہوں نے کہا وہ عالمی استکباری قوتیں جو فلسطینیوں سے ان کا آبائی علاقہ چھیننا چاہتی ہیں آج  ہمارے وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔امریکہ پاکستان کا بدترین دشمن ہے اور اس کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔دہشت گردوں کے ذریعے وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر بڑی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس قوم نے پہلے ہی بہت نقصان اٹھایا ہے۔ہمارا ملک مزید کسی آزمائش کا متحمل نہیں ہے۔وطن عزیز کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بیرونی مداخلت کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ملک کے حساس معاملات میں امریکی مداخلت پر ہماری خاموشی وطن عزیز کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ پریس کانفرنس میں علامہ عاصم مخدوم، سید حسین زیدی، صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویڑن حیدر ثقفی، مولانا سید حسین نقوی، مولانا علام عباس شیرازی، شیخ عمران اور نجم جعفری و دیگر عہدیدار شریک ہوئے

ای پیپر-دی نیشن