حمزہ شہباز کے حلف میں رکاوٹیں ڈالنے والے منہ کی کھائیں گے، عمران نذیر
لاہور(نیوزرپورٹر) مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ،ارکان اسمبلی شائستہ پرویز ملک ، علی پرویز ملک سیکرٹری اطلاعات عامر خان اور سید توصیف شاہ سمیت دیگر نے کہا کہ میاں حمزہ شہباز کے حلف میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا،آئین کیخلاف سازشیں کرنیوالوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ملک میں جاری لوڈشیڈنگ سابق نالائق حکمرانوں کی نالائقی کا نتیجہ ہے عمران خان جو کام چارسال میں نہیں کرسکے شہبازشریف نے دو ہفتوں میں کردیے۔چینی،آٹا اور گھی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہیں۔چار سال سے مہنگائی کے عذاب میں مبتلا رہنے والے عوام آج شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔گذشتہ روز پارٹی آفس میں رہنماؤں اورت کاکرنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا تھا۔تحریک انصاف کی حکومت نے سسٹم میں بجلی کا ایک بھی یونٹ شامل نہیں کیا۔پہلے سے موجود پاور پلانٹس اولٹے بند کردیے۔انہوں نے مزید کہا اگر تحریک انصاف کی حکومت مسلم لیگ ن کے منصوبوں پر ہی کام جاری رکھتی تو آج ملک میں اس قدر مہنگائی،بیروزگاری اور غربت نہ ہوتی۔عمران خان پاکستان کی تاریخ کے نالائق ترین وزیراعظم ثابت ہوئے ہیں جن کا ایجنڈا صرف مخالفین کو دیوار سے لگانا اور اپنے دوستوں کو نوازنا تھا