• news

سینٹ ویڈیو سکینڈل‘ یوسف رضا گیلانی کیخلاف نااہلی کی درخواست خارج 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے قانون سازوں کی جانب سے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو 'کرپٹ طرز عمل' پر نااہل قرار دینے کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ وہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے و رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے ایم این ایز فہیم خان اور جمیل احمد خان کے خلاف الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 167 (بدعنوانی) اور 168 (رشوت) کے تحت فوجداری مقدمہ شروع کرے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا یہ 'ثابت' ہوگیا ہے کہ علی گیلانی، فہیم خان اور جمیل احمد خان بدعنوانی میں ملوث تھے۔الیکشن کمیشن نے کہ سیکشن 167 اور 168 کے تحت سزا 3 سال قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتی ہے یا دونوں سزائیں بھی دی جا سکتی ہیں۔ سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجا نے کہاکہ کیس کے حقائق صحیح طریقے سے پیش نہیں کیے گئے جبکہ کیس کی 20 سماعتیں ہوئیں اور اس دوران 12 بار التوا کی درخواستیں دائر کی گئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے قانون سازوں فرخ حبیب، ملیکہ بخاری اور کنول شوزب نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت کا نوٹی فکیشن جاری نہ کیا جائے۔تاہم الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی جیت کا نوٹی فکیشن کا اجرا روکنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن