سیاسی مخالفین کیخلاف وائٹ پیپر لائیں گے ، چینی اساتذہ پر دہشتگرد حملہ افسوسناک : عمران
ملتان، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق وزیراعظم عمران خان نے ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے آپ کو اسلام آباد کی کال دینی ہے۔ یہ ہماری سب سے اہم ترین تحریک ہے۔ یہ تحریک ملک کی حقیقی آزادی کیلئے ہو گی۔ آپ سب نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اسلام باد کیلئے تیار کرنا ہے۔ چیلنج کرتا ہوں اسلام آباد میں 20 لاکھ لوگوں کو لائیں گے۔ ملک کے میر جعفر اور میر صادق سے مل کر بیرونی سازش کی گئی۔ چوروں کا ٹولہ ہم پر مسلط کیا گیا۔ ہم نے اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔ ہم نے ملک میں الیکشن کرانے ہیں۔ تھری سٹوجز مسلط نہیں ہو سکتے۔ عوام الیکشن میں فیصلہ کریں گے۔ جب تک زندہ ہوں مقابلہ کروں گا۔ دو تین روز میں شریفوں کی کرپشن پر وائٹ پیپر قوم کے سامنے رکھوں گا۔ قوم ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی کہ آزاد رہنا ہے یا غلام رہنا ہے۔ جنوبی پنجاب کے لوگ اسلام آباد آنے کی تیاری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھری سٹوجز مسلط نہیں ہو سکتے‘ عوام الیکشن میں فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اب پھر عید کے بعد میری کردار کشی کریں گے‘ پیغام ہے جب تک زندہ ہوں مقابلہ کروں گا‘ اگر ہم حقیقی آزادی کے لئے نہیں کھڑے ہوں گے تو باہر کے پتلے مسلط ہوتے رہیں گے۔ لوگوں کو بتانا ہے کہ باہر کے سامراج نے کس قسم کے لوگوں کو ہم پر مسلط کیا ہے۔ دریں اثناء عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ آج یوم القدس پر ہم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینیوں پر ظلم کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مسجد اقصی میں نمازیوں پر قابض اسرائیلی فورسز کے حملے قابل مذمت ہیں۔ دریں اثناء عمران خان جمعہ کے روز چین کے سفارتخانے پہنچے اور جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ پر دہشت گرد حملہ پر اظہار تعزیت و افسوس کیا۔ چینی سفارتخانے آمد کے موقع پر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور ایوانِ بالا میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سابق ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری بھی ہمراہ تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامور سے خصوصی ملاقات کی اور دہشت گردی کے نتیجے میں چینی اساتذہ کی اموات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔