• news

نواز شریف کا دل پاکستان کیلئے دھڑکتا وہ واپسی کیلئے بے چین ہیں: مجتبیٰ شجاع 

لاہور ( نمائندہ خصوصی)سابق صوبائی وزیر، ایم اپی اے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمنٰ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پارٹی قائد نواز شریف کا دل پاکستان کیلئے دھڑکتا اور وہ وطن واپس آنے کیلئے بے چین ہیں۔ سابق حکومت نے ڈکٹیٹر شپ کی روش اختیار کرتے ہوئے ان سے پاسپورٹ کی تجدید کا حق چھین لیا تھا موجودہ حکومت نے ان کا آئینی حق انہیں واپس دیتے ہوئے پاسپورٹ جاری کر دیا ہے تاہم ان کی واپسی ان کے ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت ہر پاکستانی شہری کو اس کے مکمل حقوق اور ان کا تحفظ حاصل ہے۔ یہ آئینی حق سابق حکومت نے دھونس اور جبر کے تحت نواز شریف  سے چھین لیا تھا۔ موجودہ حکومت نے آئین کا تقدس  بحال کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بحال کیا ہے۔ سب کو پتا ہے کہ وہ ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد علاج کیلئے بیرون ملک گئے تھے لہذا ان کی واپسی ان کے ڈاکٹرز کے مشورے ہی سے مشروط ہے کہ کیا وہ لندن سے پاکستان کا لمبا سفر کر سکتے ہیں مگر ہمیں یقین ہے کہ وہ جلد پاکستان واپس آئیں اور بحرانوں کے بھنور میں پھنسے  پاکستان کو باہر نکالیں گے۔ پنجاب میں دگرگوں حالات سے نپٹنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے حلف اٹھاتے ہی کام شروع کر دیا اور مختلف شعبوں کے ماہرین سے مشاورت کے بعد صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں گی۔ ہم کسی بھی قسم کی انتقامی سیاست کی بجائے اپنی توانائیاں صرف اور صرف عوام کی خدمت پر صرف کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن