کرپشن میں فرح سمیت جو ملوث ہوا کڑا احتساب ہوگا: صبا صادق
لاہور (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما صبا صادق نے کہا ہے کہ پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں ہونے والی کرپشن ماضی میں کبھی نہیں ہوئی اور اس میں فرح گوگی سمیت جو بھی ملوث پائے گئے۔ خواہ ان کا تعلق بنی گالہ سے ہوا تو ہم اس کا کڑا احتساب کریں گے۔ توازن برقرار رکھنے کیلئے کرپشن کرنے والوںکو کیفرکردار تک پہنچانا ہوگا۔ نااہل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے اپنی کابینہ کے افراد کو کرپشن کی کھلی چھٹی دے رکھی تھی، جس کی وجہ سے صحت، تعلیم و دیگر شعبوں میں میگا کرپشن سامنے آرہی ہے۔ یہ سکینڈل عوام کی آنکھیں کھول دیں گے موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف عوام کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو بھی معاف نہیں کریں گے اور ایسے تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے گا اور قانون کے مطابق انہیں سزائیں ملیں گی۔