• news

شمالی وزیرستان ‘افغانستان میں عید آج‘ سعودی عرب میں کل: پاکستان میں آج چاند دیکھا جائے گا

لاہور، مکہ مکرمہ، اسلام آباد‘ کابل (ممتاز احمد بڈانی+ نمائندگان) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس آج بمقام دفتر وزارت مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان کوہسار بلڈنگ پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی زیر صدارت  ہو گا۔ جس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آبادکے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔ صوبہ خیبر پی کے کے ضلع شمالی وزیرستان میں مقامی علماء نے بھی آج اتوار کو عیدالفطر کا اعلان کر دیا۔ میر علی کی مقامی فقیران جامع مسجد کے مفتی شیر اکبر نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا یکم مئی اتوار کو عیدالفطر منائی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 9 افراد نے علمائے کرام کے سامنے چاند نظر آنے کی گواہی دی جس کے بعد آج اتوار کو عید کا اعلان کیا گیا۔ افغان میڈیا کے مطابق شوال کا چند نظر آ گیا۔ رویت ہلال کمیٹی نے افغانستان میں آج عید کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات‘ لیبیا، سنگاپور، آسٹریلیا میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید کل ہو گی۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ان ممالک میں عیدالفطر پیر کو ہو گی۔ آسٹریلین نیشنل امام کونسل کے مطابق آسٹریلیا میں عیدالفطر 2 مئی بروز پیر کو ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن