ایل پی جی 15 روپے سستی: پٹرول کی قیمتیں برقرار
اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) اوگرا کی طرف سے ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی کر دی گئی۔ گھریلو سلنڈر 180 روپے اور گھریلو سلنڈر 692 روپے سستا ہو گیا۔ اوگرا نے کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2736 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت دس ہزار 532 روپے ہو گئی۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 232 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ شہباز شریف کی نئی حکومت میں عوام کو مزید ریلیف مل سکتا ہے۔ ایل پی جی کی موجودہ سرکاری قیمت میں 100 روپے فی کلو تک کی کمی کی جا سکتی ہے۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن کے فارمولے پر عمل کر کے یہ کام کیا جا سکتا ہے۔ ایل پی جی پروڈیوسر بیس پرائس کو 40 ہزار روپے فی میٹرک ٹن پر فکس کیا جائے۔ ایل پی جی کی لوکل پیداوار کو فوری طور پر بڑھایا جائے۔ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا اور وازرت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت 149 روپے 86 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 144 روپے 15 پیسے، مٹی کے تیل کی فی لٹر قیمت 125 روپے 56 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 118 روپے 31 پیسے فی لٹر برقرار ہے۔