• news

مسئلہ کشمیر پر او آئی سی سفارتی کوششوں کی رہنمائی کرے : شہباز شریف 

اسلام آباد، مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی، امیر محمد خان، ممتاز احمد بڈانی سے) وزیر اعظم میاںشہباز شریف سے مکہ المکرمہ میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین برہم طحہ نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے سنگ بنیاد کے طور پر امت مسلمہ کے مفادات کو فروغ دینے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے او آئی سی کے رکن ممالک کے مفاد اور تشویش کے معاملات کے حوالے سے فعال کردار ادا کرنے کا منتظر ہے۔ وزیراعظم نے کشمیر کاز کے لیے او آئی سی کی مسلسل اور غیر مشروط حمایت پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن اور دیرپا حل کے لیے سفارتی کوششوں کی رہنمائی کرے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے او آئی سی کو مسجد اقصیٰ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے مشترکہ کوشش شروع کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو مسجد مبارک کو مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان وقتی اور مقامی طور پر تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ وزیراعظم نے افغان عوام کو فوری انسانی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی کو بین الاقوامی سطح پر بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے انسداد کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ سیکرٹری جنرل نے دعوت قبول کر لی۔ سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کو ان کے حالیہ انتخاب اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان نے ہمیشہ OIC میں بانی رکن کے طور پر ادا کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے او آئی سی کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اہم مسائل بالخصوص فلسطین، افغانستان اور اسلامو فوبیا پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے مابین جمعہ کی شب ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات، معیشت، سرمایہ کاری، تجارت کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم تین روزہ دورے پر سعودی عرب گئے تھے جو ان کا وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد پہلا غیرملکی دورہ ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم اراکین بھی دورہ کررہے ہیں جن میں وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمد آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں عالمی اور علاقائی مسائل کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے مملکت کا دورہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بند سلمان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا، انہوں نے دو طرفہ تعاون کے امکانات اور امید افزا مواقع کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں کو ترقی دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے تمام علاقائی اور بین الاقوامی امور کا بھی جائزہ لیا اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر گفتگو کی۔ وزیراعظم جمعرات کو سعودی عرب کے شہر مدینہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے مسجد نبویؐ میں حاضری دی اور نماز ادا کی، مدینہ اور جدہ میں دو دن گزارنے کے بعد وہ آج مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔ مسجد حرام کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا کے لیے خانہ کعبہ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔ بعد ازاں ہفتہ کو وزیراعظم نے اپنے وفد کے ساتھ عمرہ ادا کیا اور ملک، قوم اور امت مسلمہ کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے قبل ازیں زیارت خاص کے بعد حجراسود کو بوسہ دیا اور طواف کعبہ کیا۔ بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ مکمل کرکے ایک روزہ سرکاری دورے پر جدہ سے دبئی روانہ ہوگئے۔ یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید سے ملاقات دورے میں شامل تھیں۔
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف سعودیہ عرب کا تین روز کا دورہ مکمل کر کے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز دوپہر اڑھائی بجے جدہ سے یو اے ای کے لیے روانہ ہو ئے۔ دورہ یو اے ای کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد الشخ محمد بن زاید بن آلنہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ قبل ازیں ولی عہد ابوظہبی نے وزیراعظم شہباز شریف کا آمد پر استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن