• news

رمیز راجہ حکومت کے ساتھ ہی چلے جاتے : عاقب جاوید 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر اور ہیڈ کوچ لاہور قلندرز عاقب جاوید نے کہاہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں میلبورن میں ہونے والا پاکستان بھارت کرکٹ میچ نیا رنگ لائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان پیس کا مقابلہ ہوگا۔ سمجھتا ہوں کہ لاہور قلندرز کی چھاپ دنیا بھر میں جا رہی ہے کہ اگر کسی بائولر کی سپیڈ ہے اور اس کے پاس تجربہ نہیں ہے تو اسے موقع دیں، کیوں اس کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ لگ رہا ہے ۔ آپ آسٹریلیا میں کھیل رہے ہوں اور دو 150 کلو میٹر پلس سپیڈ والے بائولرز ہوں تو اور کیا چاہیے۔ پاکستان کو کیا ایڈوانٹیج ہے، وہ یہ کہ پاکستان کے پاس شاہین آفریدی اور حارث رؤف ہیں، جو آؤٹ کلاس بائولنگ کرتے ہیں، اس مرتبہ میلبورن میں پاکستان بھارت کا میچ نیا ہی رنگ لائیگا۔ میچ میں شاہین آفریدی، حارث رؤف، جسپریت بمرا، عمران ملک نظر آئیں گے، بڑا جارحانہ میچ ہوگا۔ میں ہمیشہ اخلاقیات کی بات کرتا ہوں اور اخلاقیات یہ کہتی ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو حکومت کیساتھ ہی چلے جانا چاہیے تھا، اب مجھے نہیں علم وہ اب تک کیوں نہیں گئے۔  آپ چاہے کسی کے کتنا ہی قریب کیوں نہ ہوں آپ کو حق پر بات کرنی چاہیے ، رمیز راجہ نے پچھلے بورڈ کی نہ کسی پالیسی کو چھیڑا ہے نہ کسی بندے کو نکالا ہے، بڑی بڑی تنخواہوں والے بورڈ میں بیٹھے ہیں اور کام کچھ نہیں۔ میں دوستی میں نہ کسی کی تعریف کرتا ہوں نہ دشمنی میں خلاف بولتا ہوں جو بات حق سچ ہو وہ کرتا ہوں، اب جونیئرکرکٹ لیگ کرانے کی بات ہو رہی ہے میں سمجھتا ہوں کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے جونیئر کی سطح پر طویل دورانیہ کی کرکٹ کھیلنی چاہیے، ہم آسٹریلیا آسٹریلیا کرتے ہیں، پھر ہمیں ان کی عادات بھی اپنانی چاہیئں، چھ ٹیمیں بنانے سے کوئی آسٹریلیا تو نہیں بن سکتا۔ آسڑیلیا کی سب سے بہتر چیز جونیئر کی سطح پر دو روزہ کرکٹ ہے جونیئر لیگ کی کوئی منطق نہیں، اس کی جگہ ویمن لیگ کو عملی جامہ پہنائیں،  ویمن کرکٹرز کا پول بڑھائیں اور سکرین پر کوالٹی لائیں اور کوالٹی اس وقت اچھی ہوگی جب ویمن کرکٹ کا معیار بڑھے گا۔ ویمن لیگ کو پی ایس ایل کی طرز پر لانچ مت کریں، پہلے چار ٹیموں کا ٹورنامنٹ کرائیں، ایک دو سال اسی طرح ہونے دیں، اس سے معیار بڑھے گا پول بڑھے گا پھر بھرپور ویمن لیگ کرائیں تو اس سے سکرین کی کوالٹی بڑھے گی دیکھنے میں کرکٹ اچھی لگے گی۔

ای پیپر-دی نیشن