• news

مسجد نبویؐ واقعہ: عمران کو ملوث کرنا قابل مذمت‘ پرویز الٰہی‘ مونس الٰہی


 لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فسطائی حکومت کا عمران خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا نہایت ہی بھونڈی حرکت ہے، شریفوں نے نہ تاریخ سے سبق سیکھا نہ ہی اپنی اوچھی حرکتوں سے باز آئے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد نبویؐ میں پیش آنے والے واقعہ سے عمران خان کا کیا تعلق؟ پوری قوم کو معلوم ہے کہ جس رات مسجد نبوی میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا اس وقت عمران خان اور ان کے کارکن شب دعا میں مصروف تھے، چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف جو قرارداد منظور کروائی، یہ وہ اعزاز ہے جس کی توفیق عمران خان جیسے سچے عاشق رسول ہی کو نصیب ہو سکتی ہے، تحفظ ناموس رسالت پر عمران خان کی خدمات پر عرب دنیا کا معتبر ترین چینل ’’الجزیرہ‘‘ انہیں مسلم دنیا کی پسندیدہ ترین شخصیت قرار دے چکا ہے۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ انتقامی سیاست کو شریف برادران نے اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، وہ انتقامی ہتھکنڈوں سے باز رہیں، امپورٹڈ حکومت مذہب کارڈ کھیل کر خطرناک اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واضح اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس طرح کی ہدایت دینے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، عمران خان کو مسجد نبوی میں ہونے والے واقعہ میں ملوث کرنے کی کوشش کرنا شہبازشریف اور ان کی امپورٹڈ حکومت کی حواس باختگی کا ثبوت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن