• news

پاکستان سپر لیگ ، 8واں ایڈیشن فروری ، مارچ میں ہو گا 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کیلئے ونڈو تلاش کرلی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل ایونٹ آئندہ برس 15 فروری سے 31 مارچ کے درمیان ہوگا۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے میچز اس بار چار مقامات پر ہوں گے، ایونٹ کیلئے کراچی اور لاہور کے بعد ملتان اور راولپنڈی کو بھی فائنل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوری 2023ء میں نیوزی لینڈ نے 2 ٹیسٹ اور وائٹ بال سیریز کیلئے دورہ کرنا ہے، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان آئے گی۔ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سے سیریز کے بعد پی ایس ایل کا انعقاد ہوگا۔ ٹیموں کی 4 شہروں میں آمدورفت کے پیش نظر ٹورنامنٹ کا دورانیہ زیادہ رکھا گیا ہے تاکہ شیڈول میں آسانی ہو اور کھلاڑیوں کو مناسب آرام بھی مل سکے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ چیزیں غیر ملکی ٹیموں کے مطابق نہ ہوں تو وہ دورہ نہیں کریں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ہمیشہ دوسرے کرکٹ بورڈز کی سنتا آیا ہے۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنا یکطرفہ فیصلہ تھا۔ جب مغربی ٹیمیں ایشیا کا دورہ کرتی ہیں تو ایشیائی ٹیمیں گھبراہٹ کا شکار ہوتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن