پی آئی سی پشاور: 51 کروڑ کی لاگت سے3 کارڈیک کیتھ لیبارٹیوں کاآغاز
پشاور (بیورو رپورٹ)پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ساڑھے 51 کروڑ روپے کی لاگت سے 3کارڈیک کیتھ لیبارٹیوں کاآغاز کردیا گیا۔سرکاری حکام کے مطابق پی آئی سی میں کیتھ لیبارٹیوں کی مجموعی تعداد6 ہوگئی ہے ، نئی لیبارٹیوں کے قیام سے پی آئی سی میں انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی استعداد کاردگنی ہوجائے گی ۔جبکہ پی آئی سی میں تقریباََ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے گئے سنٹرلائزڈ سٹیرالائزیشن سروسز ڈیپارٹمنٹ نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔سی ایس ایس ڈی کے قیام سے ہسپتال میں انجیو گرافی ، انجیو پلاسٹی اور سرجری میں استعمال ہونے والے آلات کو جراثیم سے پاک کرنے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی صوبائی حکومت کا ایک ایساادارہ ہے جو صوبہ بھر کے عوام کو امراضِ دل کے علاج معالجہ کے حوالے سے بہترین خدمات فراہم کر رہا ہے ۔واضح رہے کہ پی آئی سی اپنے قیام کے ڈیڑھ سال کے اندر پاکستان کا پہلا سرکاری ہسپتال ہے، جسے انٹر نیشنل سٹینڈرڈ آرگنائزیشن کی طرف سے سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ۔ ہسپتال نے 5 ماہ کے عرصہ میں کالج آف فزیشنز اور سرجنز آف پاکستان سے پوسٹ گریجویٹ کورسز کی منظوری حاصل کی اور 95 فیصد مریضوں کا علاج صحت کارڈ کے تحت بالکل مفت کیا گیا ۔