خوشحالی کیلئے افرادی قوت کے بنیادی مسائل حل کرنا ہوں گے:ابراہیم حسن مراد
لاہور ( بزنس رپورٹر) یو نیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے صدر ابراہیم حسن مراد نے مزدوروں کے عالمی دن پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین، کارکن اور مزدورکسی بھی ادارے کو چلانے کیلئے ایندھن کی طرح کام کرتے ہیں۔صدر یو ایم ٹی نے کہا کہ ہمارے ملک نے کافی ترقی کی لیکن ہم پسما ندہ افراد کو زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کر نے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بنک کے 2019ء میں مرتب کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں تقریباََ 689 ملین افراد انتہائی غربت میں زندگی گزار رہے ہیں اوریومیہ آمدن 356 روپے فی کس سے بھی کم ہے۔ صدر یو ایم ٹی نے مزید بتایا کہ دنیا پسما ندہ طبقوں کی بہتری کے بغیر ترقی کے اہداف اور حقیقی امن حاصل نہیں کر سکتی ۔لہذا خوشحالی اور ہم آہنگی کی راہ پر گامز ن ہو نے کیلئے ہمیں افرادی قوت کے بنیادی مسائل کو حل کر نا چاہیئے کیونکہ پاکستان کے آئین نے مزدوروں کے حقوق کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا ہے۔ابراہیم مراد نے یومِ مزدور کے موقع پر سٹیک ہولڈرز کو اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں محنت کشوں کے بنیادی حقوق اورقربانیوں کو تسلیم کر تے ہو ئے انکی کاوشوں کو سراہنا چاہیئے کیونکہ یہ ہماری آنے والی نسلوں کو فائدہ پہنچانے اور دنیا میں ہم آہنگی اور استحکام لا نے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔صدر یو ایم ٹی نے تنظیمی سربراہوں کو بھی نصیحت کی کہ وہ مالکان اور ملازمین کے درمیان خوشگوار تعلق کو یقینی بنائیں کیونکہ صحت مند اور خوشحال افرادی قوت کو یقینی بنائے بغیر قومی ترقی ایک خواب ہی رہے گی۔