پنجاب ریو نیو اتھارٹی :اپریل میں 14ارب 11 کروڑ 20 لاکھ ٹیکس جمع کیا
لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب ریو نیو اتھارٹی نے اپریل میں 14ارب 11 کروڑ 20 لاکھ روپے ٹیکس جمع کر کے ریکارڈ قائم کر دیا۔ ترجمان کے مطابق تمام صوبائی اتھارٹیز کے مقابلے میں پنجاب ریو نیو اتھارٹی کی محصولات کی ریکارڈ وصولی ہے۔گزشتہ مالی سال اپریل میں 9 ارب 72کروڑ روپے جمع ہوئے تھے اوراس سال اپریل کی وصولی گزشتہ مالی سال کے9 ارب72 کروڑ کے مقابلے میں 45فیصد زائد ہے۔ترجمان کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی نے رواں مالی سال میں جولائی سے اپریل تک غیر حتمی اعدادوشمار کے مطابق 138 ارب70 کروڑ روپے سے زائد سیلز ٹیکس جمع کیا ،یہ وصولیاں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے117 ارب کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔ترجمان کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پی آراے کو 155.9ارب روپے کا ہدف دیا گیا ہے۔پی آر اے کی جانب سے محصولات کی وصولی کیلئے کسی انتہائی اقدامات کا سہارا نہیں لیا گیا اور بغیر بنک اٹیچمنٹ یا پیشگی ادائیگیوں کے ریکارڈ ریونیو اکٹھا کیا گیا۔چیئرمین پی آراے نے اتھارٹی کے افسروں اورعملہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیک ہولڈرز کو آگاہی دینے سے ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی۔