• news

پنجاب ، علاج ، ادویات مفت : ملک بھر میں یقینی بنا ئیں گے: شہباز شریف


اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ادویات مفت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کوئی رقم نہ لی جائے، وزیراعظم نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کو ادویات نہ ملنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کے سرکاری ہسپتالوں میں فری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں اور لیبارٹریز کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیساتھ منسلک کیا جائے گا۔ لاہور میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ  (PKLI) پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو پی کے ایل آئی کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال میں دو سو نوے کڈنی ٹرانسپلانٹ اور ایک سو نوے لیور ٹرانسپلانٹ کئے گئے۔ ان مریضوں میں سے صرف 17 فیصد کو ہی مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔ وزیراعظم نے پی کے ایل آئی کے منصوبے کی تکمیل میں کوتاہی برتنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پی کے ایل آئی میں مریضوں کو دئیے جانے والی موجودہ سہولیات کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔ وزیرِ اعظم نے ہسپتال میں سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے اور کم از کم پچاس فیصد غریب مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ پی کے ایل آئی کا مقصد ہی پورے ملک کے غریب اور نادار لوگوں کو مفت ٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کرنا تھا، تاکہ انہیں خطیر رقم خرچ کرکے علاج کیلئے دوسرے ممالک نہ جانا پڑے۔ وزیراعظم نے پی کے ایل ائی کو مالی طور ہر خود مختار بنانے کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ مکمل حکمت عملی مرتب کرکے تین دن میں پیش کریں۔ مالی وجوہات کی وجہ سے کسی بھی مریض کو علاج سے محروم نہ رکھا جائے۔ صحت کی معیاری سہولیات کے حصول میں ملک کے غریب افراد کو مسائل ہیں، انہیں عالمی معیار کی سہولیات کی مفت فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نے نادار اور مفلس طبقے کو عدم توجہ دینے کی سوچ کو بدلنے اور انکی خدمت کو ترجیحات میں سر فہرست رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ پی کے ایل آئی کو ٹرسٹ بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نرسنگ یونیورسٹی کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے اور پی کے ایل آئی کی صفائی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے اگر ضرورت پیش آئے تو صفائی کے نظام کو آئوٹ سورس کر دیا جائے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے معاشی ٹیم پاکستان آئے گی، متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین کا وفد پاکستان کا ہنگامی دورہ کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف سے یو اے ای کا وفد 3 مئی کو لاہور میں ملاقات کرے گا، یو اے ای کے وفد اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم میں ملاقات ہوگی۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق بات چیت ہوگی۔ وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ماحول اور پالیسی سے آگاہ کیا جائے گا۔ توانائی، معاشیا ت، پٹرولیم انڈسٹری  کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے امیر قطر  شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی کو ٹیلی فون کیا اور عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک پیش کی۔ امیر قطر نے جوابی گرمجوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو عید کی مبارک پیش کی اور پاکستان کے عوام لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے قائدین نے بہترین دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور وفعال سیاسی ومعاشی روابط کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ استوار رکھنے اور مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بحرین کے بادشاہ  حمد بن عیسی آل خلیفہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پْرمسرت موقع پر مبارک پیش کی۔ وزیر اعظم نے خوشی کے اس موقع پر بحرین کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوش حالی کے لئے بھی نیک تمناوں اور خواہشات کا پیغام دیا۔ وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ پاکستان سلطنت بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ عالمی وباء کے دوران بحرین کی حکومت کی طرف سے وہاں مقیم پاکستانیوں کی دیکھ بھال کے لئے اقدامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ شاہِ بحرین نے کہاکہ ان اہداف کے حصول کے لئے وہ وزیراعظم کے ساتھ قریبی تعاون اور مل کر کام کرنے کے لئے چشم براہ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ترکی کے صدر طیب اردگان کی ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے ترکی کی قیادت اور عوام کو عید کی مبارک باد دی ،صدر اردگان نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے اپنے خصوصی برادرانہ جذبات اور محبت کا اظہار کیا۔ صدر اردگان نے وزیر اعظم کو وزارت عظمی کاعہدہ سنبھالنے پر دوبارہ  مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان بہترین دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں ان تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کا دورہ کرنے اور ایسی پالیسیوں سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر تنازعہ پر ترکی کی اصولی اور ثابت قدم حمایت پر صدر اردگان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جب کہ صدر اردگان نے وزیراعظم کو جلد از جلد دورہ ترکی کی دعوت دی۔اس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے کویت کے وزیر اعظم کو عید کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے وزیر اعظم  شیخ صباح خالد الحمد الصباح کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر کویت کے برادر عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن