نا لوں کی صفا ئی کا حکم ، بر سات میں کسی کے بہانے نہیں سنوں گا : حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی زیرصدارت محکمہ صحت سے متعلق اہم اجلاس میں انہوں نے ہسپتالوں کو عام لوگوں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے شعبہ صحت کو بھی ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی کو مکمل عزت ملنی چاہیے۔ حمزہ شہباز نے مزید حکم دیا کہ ایک جامع پلان بنایا جائے جس میں عوام کو مفت ادویات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیموں کو بھی متحرک کیا جائے۔ حمزہ شہباز نے لاہور کے بعض علاقوں میں پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے واسا کو قلت دور کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کا حکم دیا۔ لاہور کے بعض علاقوں خصوصاً اندرون شہر میں پانی کی قلت کا نوٹس لیا گیا۔ حمزہ شہباز نے واسا کو احکامات جاری کیے کہ پانی کی قلت والے علاقوں کے لئے مربوط نظام بنایا جائے، جہاں ضرورت ہو وہاں ٹیوب ویل چلانے کیلئے جنریٹر کا انتظام کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور میں مون سون سیزن سے قبل نالوں کی صفائی کا حکم بھی دیا اور کہا کہ تمام نالوں کی صفائی کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جائے اور اسے ٹائم لائن کے ساتھ مرتب کیا جائے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے، عید کے بعد ایم ڈی واسا نالوں کی صفائی سے متعلق ویڈیوز کے ساتھ تفصیلی بریفنگ دیں۔ یونین کونسل کی سطح پر خصوصی ٹیمیں بنائی جائیں اور نالوں کی صفائی کا کام نظر آنا چاہیے، یونین کونسل کی سطح پر نکاسی آب کا میکنزم بھی تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موسم برسات میں کسی کے حیلے بہانے نہیں سنوں گا۔حمزہ شہباز سے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض احمدنے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ حمزہ شہبازنے منڈی بہاؤالدین کے علاقے میں 2 بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنایا جائے اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فنکشنل رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ شہریوںکو اچھی خدمات دیں گے توآپ کی نیک نامی ہو گی۔ کمر کس کر میدان میں اتریں گے تو اللہ بھی کامیابی عطا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت بڑے شہروں میں صفائی کی ابتر صورتحال پر دل دکھتا ہے ۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی کامیابی سے تباہی تک کی داستان تکلیف دہ ہے۔ Success Story کو چند عرصے میں برباد کر کے رکھ دیا گیا ہے۔ ہم نے نئے عزم کے ساتھ ایل ڈبلیو ایم سی کو درست کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے نئی لینڈ فل سائٹ کیلئے اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لئے عوامی نمائندو ں کو بھی متحرک کیا جائے۔ لاہور پاکستان کا دل ہے اور ہم اپنے شہر کوصاف کر کے دکھائیں گے ۔