عید پر پڑوسیوں، غریبوں کی ضروریات پوری کرنی چاہئیں: چودھری اختر
کامونکی(نمائندہ خصوصی)عیدالفطر مسلمانوں کیلئے اللہ پاک کی طرف سے بہت بڑا انعام ہے عید ہمارے لئے یہ بھی پیغام لے کر آتی ہے کہ خوشیوں اور مسرتوں کے ان لمحات میں اْن کو بھی اپنے ساتھ شریک کریں جو اِن خوشیوں کو منانے سے محروم ہیں۔ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ(ن) کے رہنما ایم پی اے چودھری اختر علی خاں نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ عیدالفطر کے موقع پر اپنے نزدیکی پڑوسیوں، مستحق رشتہ داروں اور غریبوں کی ضروریات پوری کرنی چاہیے یہ انسان کیلئے اچھا موقع ہے کہ ہم راہ خدا میں خرچ کرکے اپنی آخرت کا کچھ سامان اکٹھا کرسکیں۔عیدالفطر روزے داروں کے لئے انعام کا دن ہے۔روزے داروں کو اجر و ثواب اور ان کی محنتوں کا صلہ دینے کے لئے اللہ تعالی نے عید الفطر کا دن رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کے پر مسرت موقع پر اپنے عزیز واقارب کے ساتھ غربا ء اور مساکین کو بھی یاد رکھنا چاہیے اور اْن کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے۔