عیدالفطر اسلام کا پاکیزہ تہوار ،اخوت ، مساوات کا سبق دیتا ہے:ساجد میر
لاہور(خصوصی نامہ نگار )امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عیدالفطر عالم اسلام کا ایک پاکیزہ تہوار ہے جو انسانی رشتوں کو مضبوط سے مضبوط تر بناتا ہے۔ اخوت اور مساوات کا سبق دیتا ہے۔ عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اسلامی شعور کے ساتھ رکھے جانے والے روزوں سے ہی دلوں میں تقویٰ، خدا خوفی اور پرہیزگاری پیدا ہوتی ہے اور تب ہی عید الفطر کا اجتماع ہمارے اندر تنظیم و اتحاد، اخوت و محبت کی خصوصیات پیدا کرسکتا ہے۔رمضان میں قیام الیل، تلاوت قرآن وعبادات کے نتیجے میں ہماری زندگی میں تبدیلی آنی چاہیے ہمیں قرآن و سنت کو قانون کا ماخذ سمجھ کر اس کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔تب ہی صحیح معنوں میں عید انقلاب کا پیش خیمہ بن سکتی ہے اور دنیا میں ہماری عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔رمضان کی برکات کے نتیجے مسلمان قرآنی تعلیمات کی روشنی میں از سر نو اپنے مشن کا آغاز کریں۔انسانیت کے خادم بن کر سامنے آئیں، ان کی پریشانیوں میں کمی کریں۔ ان کے مسائل سلجھائیں۔ ان کے ساتھ غم اور خوشی کے روز و شب گزاریں۔ تب ہی ہماری صداقت اور دیانت کی دنیا قائل ہو گی۔