ملک بھر میں عیدالفطر جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی
لاہور، اسلام آباد، ڈیرہ اسماعیل خان (خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی+ نامہ نگار)ملک بھر میں عید الفطر1443ہجری روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ ملک بھر میں نماز عید الفطر کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت میں بھی نماز عیدالفطر کے بڑے اجتماعات مساجد، پارکس اور کھلے مقامات پر منعقد ہوئے جن میں فرزندان اسلام نے عیدالفطرکی نماز ادا کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ، مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ، ڈاکٹر علامہ راغب حسین نعیمی نے جامع نعیمیہ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی نے ریس کورس پارک، مولانا عبدالخبیر آزاد نے عالمگیری بادشاہی مسجد، سربراہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے جامع مسجد رحمتہ للعالمین گرینڈ بیٹری سٹاپ ملتان روڈ، مولانا میاں محمد اجمل قادری نے مرکز خدام الدین شیرانوالہ دروازہ، مفتی رمضان سیالوی نے جامع مسجد دربار حضرت داتاگنج بخش، ڈاکٹر عارف رشید صدر انجمن خدام القرآن نے مسجد دارالسلام باغ جناح میں، ڈاکٹر سعید عاطف نے جامعہ فتحیہ ذیلدار روڈ اچھرہ، علامہ حافظ انجینئر ابتسام الٰہی ظہیرنے مینارپاکستان، جمعیت علماء پاکستان کے چیئرمین علامہ قاری محمد زوار بہادرنے جامعہ محمدیہ رضویہ فردوس مارکیٹ گلبرگ تھری، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے 77 کلب ایبٹ روڈ گرائونڈ میں اور علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیر نے یو ای ٹی سوسائٹی میں نماز عید کی امامت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الفطر کی نماز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی۔ منگل کو وفاقی وزرا، اسلام آباد میں متعین اسلامی ملکوں کے سفیروں، اعلی سرکاری افسران اور عمائدین شہر نے بھی صدر مملکت کے ہمراہ نماز عید فیصل مسجد میں ادا کی۔ صدر مملکت نماز عید کی ادائیگی کے بعد لوگوں میں گھل مل گئے اور وہ ان سے عید ملے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کی نماز منگل کو رائے ونڈ میں ادا کی۔ وزیراعظم نے نماز عید کے بعد ملک کی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز اور ارکان صوبائی اسمبلی نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔ پی ڈی ایم کے سربراہ و جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے اپنے بھائیوں سینٹر مولانا عطاء الرحمن، خیبر پختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مولانا لطف الرحمن، انجینئر ضیاء الرحمن، مولانا عبید الرحمن، وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا مفتی اسعد محمود و دیگر کے ہمراہ عید کی نماز آبائی گائوں عبدالخیل میں ادا کی۔