• news

ملک پر آمرانہ سوچ  مسلط نہیں ہونے دوں گا ، اتھا دیوں سے وعدے وفا ہونگے ، زرداری 


نواب شاہ (این این آئی، نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زر داری نے کہا ہے کہ ہم ایک بڑی لڑائی لڑ رہے ہیں، بنیادی طور یہ جنگ مظلوم اور ظالم کے درمیان ہے، ملک پر آمرانہ سوچ کو مسلط ہونے نہیں دوں گا۔ وہ عید کے حوالے سے تقریبات سے خطاب کررہے تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے حلقہ انتخاب تعلقہ دوڑ کے شہر باندھی میں پیپلزپارٹی کے رہنما مظفر جمالی کی جانب سے دی گئی عید ملن پارٹی میں شرکت کی۔ آصف علی زرداری نے تقریب میں شریک اپنے حلقہ انتخاب کے عوام، کارکنان، عہدیداران و پارٹی رہنماؤں کو عید کی مبارک باد دی۔ عید ملن پارٹی میں شرجیل میمن، ناصر شاہ، جام خان شورو، مکیش چاولہ، ضیاء لنجار، علی اکبر جمالی، امداد پتافی ودیگر بھی موجود تھے۔ نوابشاہ میں ایم پی اے طارق مسعود آرائیں کے عشائیہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ میں بھٹو اور بے نظیر نہیں بن سکتا، ان کے نقشے قدم پر چلنے کی کوشش کر رہا ہوں، میرا وژن صرف عوامی خدمت کرنا ہے، جب بے نظیر بھٹو کو گڑھی خدا بخش میں دفنایا گیا تھا، میں نے عہد کیا تھا کہ بے نظیر کا مشن جاری رکھوں گا۔ سابق صدر نے مزید کہا کہ میں سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں، عوامی طاقت سے ہر سازش کا مقابلہ کیا ہے، میں نے پہلے ہی کہا تھا عمران کو گرانے کی ضرورت نہیں وہ خود ہی گر جائے گا، آج ملکی معیشت شدید بحرانی صورتحال کا شکار ہے، ملک کی ترقی اور معیشت کو صرف پیپلزپارٹی بہتر انداز میں چلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے، میں اپنی دی ہوئی زبان کا پکا ہوں، اتحادیوں کے ساتھ جو بھی وعدے کیے ہیں وہ وعدے وفا ہوں گے۔ آصف علی زرداری نے زرداری ہائوس نواب شاہ میں کارکنوں سے ملاقات کی۔ آصف زرداری نے کہا کہ سیاستدانوں نے ہمیشہ اس ملک کی خوشحالی کی بات کی ہے۔ عوام کی فکر آج بھی پیپلزپارٹی میں موجود ہے۔ مجھے شہید بی بی کے ہمراہ عمرہ کی متعدد بار سعادت نصیب ہوئی۔ بلاول خوش نصیب ہے کہ بیت اللہ کا دروازہ ان کیلئے کھولا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن