اسلام کیخلاف منفی پراپیگنڈا کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں: پاکستان
اسلام آباد (نمائدہ خصوصی) پاکستان نے اسلام کے خلاف پراپیگنڈے کے بڑھتے ہوئے منفی رجحان کی روک تھام کے لئے اقدامات پر زور دیا ہے جو اشتعال انگیز تقاریر اور مسلمانوں سے امتیازی سلوک اور ان پر تشدد کی نئی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کی پریس قونصلر مریم شیخ نے عالمی ادارے کی جنرل اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا ایک حقیقت ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے مظاہر دنیا کے مختلف حصوں میں سامنے آ رہے ہیں جن میں مسلمان کمیونٹی کے انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں کی سنگین خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ انہوں نے عالمی ابلاغ کے محکمے پر زور دیا کہ وہ اس بارے میں آگاہی پیدا کرے اور تمام ادیان، رنگ و نسل کے افراد اور اقوام کے درمیان روا داری، پرامن بقائے باہمی اور بین المذاہب اور ثقافتی ہم آہنگی کا پیغام عام کرے۔