کوہ پیما شہروز کاشف دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے قومی پرچم دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی پر لہرا دیا۔ کوہ پیما شہروز کاشف دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ انہوں نے نیپال کی 8 ہزار 5 سو 86 میٹر اونچی چوٹی ’’کنگ چنجنگا‘‘ سر کرلی۔ شہروز کاشف نے کیریئر کی 8 ہزار سے زائد اونچائی کی پانچویں چوٹی سر کی ہے۔ گزشتہ برس شہروز کاشف 19 سال کی عمر میں دنیا کی دوسری بلند اور مشکل ترین چوٹی کے ٹو (8611 میٹر) پر پہنچ کر اس چوٹی کو سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما بن گئے تھے۔ اس سے قبل کے ٹو کو سر کرنے والے سب سے کم عمر کوہ پیما ہونے کا اعزاز محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں 20 سال کی عمر میں کے ٹو کو سر کیا تھا۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز، کے ٹو اور ماؤنٹ ایورسٹ کے علاوہ براڈ پیک بھی سر کر چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر لوگ انہیں ’براڈ بوائے‘ کے نام سے جانتے ہیں۔