افغانستان میں بارش سے تباہی، 22 جاں بحق، 7 لاپتہ، 30 زخمی
کابل(این این آئی)افغانستان کے ایک درجن سے زائد صوبوں میں کئی روز سے جاری طوفانی بارشوں اور ان کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچادی جہاں 22 افغان شہری جاں بحق‘ 7 لاپتہ اور 30 زخمی جبکہ100 سے زائد مویشی ہلاک ہوگئے ۔طوفانی بارش اورسیلاب کے باعث سینکڑوں ایکڑ ارضی کے علاوہ ڈھائی سو زائد مکانات کو جزوی اور مکمل نقصان پہنچا ۔ قدرتی آفات کے سربراہ اور نائب وزیر برائے قدرتی آفات مولوی شرف الدین مسلم کے حوالے سے افغان میڈیا نے بتایا ہے کہ افغانستان کے کئی صوبوں میں گزشتہ کئی روز سے جاری طوفانی بارشوں اوران کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچادی ہے جہاں قندہار‘ قندوز‘ میدان وردک‘ بغلان‘ فریاب‘ ہلمند‘ ہرات‘ بدخشان‘ پروآن‘بغلان‘ جوزجان‘ بدغیس اور تخارصوبوں میں بڑے پیمانے پر مالی و جانی نقصان ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سب سے زیادہ بدغیس‘ جوزجان اور پروآن صوبے متاثر ہوئے ہیں۔ متعلقہ حکام کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف صوبوں میں 22 افغان شہری جاں بحق‘ 7 لاپتہ اور30 زخمی ہوگئے ہیں۔ان صوبوں میں مجموعی طورپر ڈھائی سو سے زائد مکانات کو نقصان پہنچاہے جبکہ 20 گھر مکمل تباہ ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق سیلاب کی زدمیں آکر120 مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ سیلابی ریلوں نے 500 ایکڑ اراضی کو شدید نقصان پہنچاایا ہے۔اطلاعات کے مطابق بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکومت اور عوام نے افغانستان میں سیلاب سے قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے افغان بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور افغان متاثرین کو امداد بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ مشکلات کے شکار افغان عوام کی مدد کی جائے۔