گاڑی کو ٹکر‘ قاتلانہ حملہ: شہباز گل‘ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں: وزیراعظم
اسلام آباد/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز رپورٹر+ خبر نگار خصوصی+ آئی این پی) شہباز گل موٹروے پر گاڑی کو ٹکر لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ قاتلانہ حملہ کرانے والوں سے کہتا ہوں کہ قوم کی دعاؤں سے زندہ ہوں۔ یہ منصوبے کے تحت کیا گیا۔ بدھ کے روز کہا تھا زیادہ سے زیادہ ہمیں قتل کرا دیں گے‘ کرا لیں‘ غداری نہیں کروں گا۔ شہباز گل کے ساتھی کا کہنا تھا کہ شہباز گل کی گاڑی کو پیچھے سے آنے والی گاڑی نے ہٹ کیا‘ یہ واقعہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پیش آیا۔ وہ لاہور سے اسلام آباد آ رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر موٹروے پولیس بھی پہنچ گئی۔ موٹروے پولیس کے مطابق ٹکر لگنے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور رکنے کے بجائے فرار ہو گیا۔ گاڑی کے مالک کی بھی شناخت کر لی ہے۔ موٹروے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ شخص تک جلد پہنچ جائیں گے۔ موٹروے کے افسران پر مشتمل ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں کسی دوسری گاڑی کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ زخمیوں کو طبی امداد دیکر اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔ ذرائع موٹروے پولیس کا بتانا ہے کہ شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی سے پیش آیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر شہبازگل کو موٹر وے پر پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شہباز گل اور ان کے ہمراہیوں کے زخمی ہونے پر اظہار ہمدردی اور افسوس کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔ وزیراعظم نے شہبازگل اور دیگر زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔