• news

ریاست مدینہ کے جھوٹے د عویدار کے پاس توشہ خانہ کا جواب بھی نہیں : حمزہ شہباز شریف


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میری پوری کوشش ہے کہ میں عام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں لاؤں اور اللہ تعالیٰ کو راضی کروں۔ یہ سب میں اللہ کی مخلوق کی خدمت کے لئے کررہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔ وہ عید الفطر پر چلڈرن ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل اتفاق، برداشت، باہمی مشاورت اور رواداری پر چلنے میں ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کا سوچنا چاہیے۔ محمد نوازشریف کے دور میں پاکستان کا گروتھ ریٹ 5.8فیصد تھا۔ لوگوں کو روز گار مل رہا تھا اور سی پیک چل رہا تھا تاہم عمران نیازی کے دور میں سی پیک سست روی کا شکا رہوا اور معیشت زمین بوس ہوئی۔ ہمارے بزرگوں نے جانوں کی قربانی دے کر یہ ملک حاصل کیا تھا، آج ان کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی۔ میں اور میری ٹیم لوگوں کے دکھوں کو محسوس کر کے درد دل سے آگے بڑھے گی۔ جن لوگوں نے اس قوم کے بچوں کو ایک کروڑ کی نوکریوں کا جھانسہ دے کر سہانے خواب دکھائے تھے، 50لاکھ گھروں کا جھانسہ دے کر غریبوں کے جھونپڑے گرا دئیے، اپنا بنی گالہ کا محل ریگولر ائزکرایا ۔ عمران نیازی نے ریاست مدینہ کا دعویٰ کیا لیکن ہر کام اس کے الٹ کیا۔ ریاست مدینہ کے جھوٹے دعویدار سے صرف توشہ خانہ کا حساب مانگا گیا تو اس کے پاس جواب ہی نہیں ہے۔ نیا پاکستان کیا بننا تھا پرانا پاکستان بھی برباد ہوگیا، یہ کسی ایک جماعت کی ذمہ داری نہیں ہے ہر جماعت کی ذمہ داری ہے کہ اپنی سیاست کو ایک سائیڈ پر رکھے۔ اگر پاکستان کی معیشت کی گاڑی چلے گی تو سیاست بھی چلے گی، اس کیلئے ہمیں اپنی انا کو پیچھے رکھ کر پارلیمنٹ کے اندر، پارلیمنٹ کے باہر تگ ودو کرنی ہے۔ہم کسی سے کوئی انتقام نہیں لیں گے لیکن قانون اپنا راستہ لے گا، ہمارے کسی اقدام سے انتقام کی بو نہیں آئے گی۔ صدر اور گورنر پنجاب ہائی کورٹ کے حکم کو نہیں مانتے۔ آئین اور قانون کو نہیں مانتے، آئین اور قانون سے کھلواڑ آپ کو بہت مہنگا پڑنے والا ہے۔ ہماری نیت نیک ہے اور ان شاء اللہ محنت سے عوام کے مسائل حل کریں گے۔ عمران نیازی کے دور میں ملک کا بیڑہ غرق ہوا، معیشت کا دھڑن تختہ ہوا۔عمران نیازی کو چیلنج کرتا ہوں کہ اگر میں نے، میرے والد یا میرے تایا ابو نے ایک پائی کی کرپشن کی ہو تو ثبوت سامنے لائیں۔ ہم قوم سے معافی مانگ کر گھر چلے جائیں گے۔ میں اللہ تعالیٰ کے سا تھ عوام کو بھی جواب دہ ہوں۔ میری حلف برداری میں تاخیر کرنے کے لئے آئین کو تار تار کیا گیا لیکن انہوں نے پھر بھی ہوش کے ناخن نہیں لئے اور اب کابینہ کے حلف میں تاخیر کی جارہی ہے۔ گورنر پنجاب آخری دنوں کے مزے لوٹ رہے ہیں، لوٹ لیں، لیکن قوم جو ہے وہ آپ سے حساب لے گی۔ مسجد نبویؐ میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے ذمہ دار عمران نیازی اور اس کے حواری ہیں۔ حمزہ شہباز نے عیدالفطر پر ملتان روڈ پر دارالشفقت کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ عیدالفطر کے پرمسرت لمحات گزارے۔ حمزہ شہباز نے عیدالفطر پر چلڈرن ہسپتال  میں، وارڈز کا دورہ کیا اور بچوں کی عیادت کی، عیدی دی اور تحائف تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ نے نماز عیدالفطر کے بعد جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب میں  کہا ہے کہ قوم نے پاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں ایسے بدترین معاشی حالات کبھی نہیں دیکھے۔ مہنگائی نے لوگوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ نوجوان بیروزگار ہو کر ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ عمران نیازی کے پچھلے دور میں عوام سے جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا۔  پورے شہر لاہور میں کمیٹیاں بناؤں گا تاکہ غریب آدمی کو مقررہ نرخ پر اشیاء  ملیں۔ آپ نے اس کے اوپر پہرہ دینا ہے، اس لئے نہیں کہ ووٹ ملیں بلکہ اس لئے کہ اللہ تعالیٰ راضی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چار سال بدترین گند شہر لاہور میں دیکھا۔ جب شہباز شریف نے حکومت چھوڑی تو صبح سویرے سڑکوں پر صفائی کیلئے مشینیں ہوتی تھیں۔ اندرون شہر چنگ چی پر صفائیاں ہوتی تھیں جبکہ آج لاہور میں ہر طرف گند ہے۔ انشاء  اللہ ہم آپ کی دعاؤں سے ہم صفائی کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔  حمزہ شہباز نے اپنے خطاب کے آخر میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگوائے۔ حمزہ شہباز نے کوٹ رادھا کشن کے قریب ٹریفک حادثے میں 4 بھائی بہنوں کے جاں بحق ہونے‘ جھنگ کے قریب دیوار گرنے سے 3 بہن بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا۔ حمزہ شہباز نے لودھراں میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیا اور انکوائری کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن