سازش کے الزامات ، انکوائری کمشن بنانے کا حکومتی اعلان
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بیرونی سازش کے حوالے سے انکوائری کمشن کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد اور خودمختار کمشن عمران خان کے سازش کے بیانیہ کی تحقیقات کرے گا۔ عمران خان بیرون ملک سازش کا نہیں بلکہ گوگی کو بچانے کا رونا رو رہے ہیں، ان کی تمام الزام تراشیاں گوگی بچائو تحریک کا حصہ ہیں، عمران خان کے اتحادی جب انہیں چھوڑ کر گئے تو انہیں سازش نظر آنا شروع ہوگئی، اس سازشی ٹولے نے قومی خزانے اور توشہ خانہ کو بے دردی سے لوٹا، کارٹلز اور مافیاز کے فائدہ کے لئے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، بجلی کے منصوبوں کو بند کیا، سی پیک کی رفتار کو سست کیا، خارجہ پالیسی کو فروخت کیا اور دوست ممالک کو ناراض کیا۔ آج چار سال بعد عوام کو سستی چینی اور آٹا مل رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی میں کمی کے لئے تین ہفتوں میں جو اقدامات اٹھائے وہ پچھلے چار سال میں نہیں اٹھائے گئے۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت اڑھائی ہفتوں سے صرف اس کوشش میں لگی ہوئی ہے کہ جو معاشی تباہی، معاشی دہشت گردی اور معاشی بارودی سرنگیں عمران خان بچھا کر گئے تھے، اس کا بوجھ پاکستان کے عوام پر نہ پڑے۔ چار سال نالائقی، نااہلی اور لوٹ مار کا بازار گرم تھا\، ان تمام پالیسیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جن کی وجہ سے پاکستان کے عوام اس وقت مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال تک وزارت عظمیٰ کی کرسی پر مسلط شخص نے کارٹلز مافیاز کی سربراہی کی، اپنی نااہلی اور لوٹ مار سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، آج اقتدار کی کرسی سے اترنے کے بعد وہ صرف اور صرف فرح گوگی کو بچانے کی تحریک چلا رہے ہیں، اسے عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج اڑھائی ہفتے گذر جانے کے بعد عمران خان صرف فرح گوگی بچائو تحریک کا ترجمان قطاروں کے ساتھ فرح گوگی کی ترجمانی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز صبح 9 بجے پہلا بیان فرح گوگی کی کرپشن بچائو تحریک کے حق میں آتا ہے، پھر ہر گھنٹے بعد فرح گوگی کی کرپشن کو بچانے کی تحریک کے حق میں بیانات آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن پر جھوٹے الزامات اور جھوٹے کیسز بنائے اور انہیں جیلوں میں ڈالا، پارلیمان اور میڈیا کی زبان بندی کی، چار سال تک وہ لوٹ مار کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچاتے رہے، چینی، بجلی، گیس اور دوائیوں میں لوٹ مار کی اور اب وہ بیرون ملک سازش کی گردان لے کر بیٹھے جو درحقیقت گوگی بچائو تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 7 تاریخ کو خط اور 28 تاریخ کو کاغذ لہرایا جاتا ہے اور جو بیرون ملک سازش کر رہا تھا اسے 16 مارچ کو ایمبیسی میں اہم مقرر کے طور پر بلایا جاتا ہیوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں کا شیڈول گوگی کو بچانے کے لئے دبائو ہے۔ فرح گوگی کے ہاتھوں پنجاب میں دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار ہوئی، پاکستان کے عوام کو لوٹا گیا، جن افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے اس کی تفصیل بھی آ چکی ہے۔ بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچایا، تماشا لگایا لیکن پاکستان کے عوام ان کے ڈرامے کو سمجھ چکی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب یہ تماشا نہیں چلے گا، الزامات کی گردان بند ہونی چاہئے۔ اس کی تمام انکوائری پاکستان کے عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔چار سال ملک پر مسلط ہو کر انہوں نے خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، کشمیر فروشی کی، مودی کے کمپین منیجر بنے۔ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ کابینہ سے منظوری کے بعد اس کمیشن کا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ سب سے زیادہ اکائونٹس پنجاب میں فرح گوگی کے نام پر کھولے گئے، 19 گاڑیاں، گوجرانوالہ اور رنگ روڈ پر 200 کنال کی خرید وفروخت ہوئی۔ ریاست مدینہ کا نام استعمال کر کے القادر یونیورسٹی کھولی گئی جس کے ذریعے لوٹ مار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد عوام کے سامنے رکھی جائے گی ْجس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے سی این این کی 21 اکتوبر 2021ء کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایئر سپیس استعمال کا معاہدہ فائنل ہوا، اس وقت اسی ٹولے کی حکومت تھی، جمہوریت میں تین ہفتوں کے اندر آٹا، چینی اور گھی سستا ہوتا ہے جبکہ کارٹلز مافیاز، بادشاہت اور فاشزم میں چار سال ملک بدترین مہنگائی ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب پر فرح گوگی مسلط کی، نالائقی اور نااہلی کے باوجود بزدار کو پنجاب پر مسلط رکھا۔وفاق میں شہزاد اکبر عمران خان کے بے نامی تھے جنہوں نے ایسٹ میکنگ یونٹ وزیراعظم ہائوس میں کھول رکھا تھا۔ کرائے کے ترجمان بریف کیس اٹھا کر اپنے بیرون ملک مفرور ہو چکے ہیں۔ گزشتہ چار سالوں میں جو غلاظت، نفرت، انتشار، الزام تراشی اور فاشزم پھیلایا گیا، آج وہ گند صاف ہو رہا ہے۔ عمران خان کے دور میں بند کئے ہوئے منصوبے آج دوبارہ کھل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میٹرو اور ایئر پورٹ منصوبہ نواز شریف کے تحفے ہیں۔ 2013ء سے 2018ء تک چینی کی قیمت 52 روپے کلو رہی، اگر آج معیشت نہیں چل رہی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کے اعداد و شمار کے مطابق 2018ء میں پاکستان کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس 100 میں سے 33 اور رینک 180 میں سے 117 تھا جو 2021ء میں عمران خان کی بے نامی فرح گوگی کی کرپشن، کارٹلز اور مافیاز کی وجہ سے کرپشن پرسیپشن انڈیکس 33 میں سے 28 اور رینک 117 سے 140 ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرٹیفکیٹ ان چوروں کے لئے ہے جنہوں نے توشہ خانہ کی گھڑیاں فروخت کیں، بیت المال کا مال فروخت کیا اور یہ کہتے ہیں کہ معیشت نہیں چل رہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو سستا آٹا، چینی، بجلی ، گیس اور دوائی بھی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50 لاکھ گھروں کا جھوٹ بولا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر بنی گالا کا گھر ریگولرائز ہو سکتا ہے تو عوام کو 50 لاکھ گھر کیوں نہیں مل سکتے۔ یہ ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ جن پالیسیوں اور قوانین کے تحت فرح گوگی جیل جائے گی ان کو ان پالیسیوں اور قوانین سے مسئلہ ہے، جن کارٹلز اور مافیاز نے گیس، بجلی، پٹرول کے شعبوں میں لوٹ مار کی، وہ تمام لوگ قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں گے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی کرپشن، نالائقی، نااہلی، چوری اور لوٹ مار کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ سیاسی یتیم بننا چاہتے ہیں، ایک نالائق، نااہل، چور سیاسی یتیم نہیں بن سکتا، وہ پاکستان کے عوام کا مجرم ہوتا ہے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کے لئے سپیکر قومی اسمبلی نے تمام جماعتوں سے نام مانگ لئے ہیں، عید کی تعطیلات کے بعد ان ناموں کا پراسیس مکمل ہو جائے گا۔ جمعہ تک اس کی ڈیڈ لائن ہے، اس کے بعد انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی اپنا کام شروع کر دے گی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کمیشن کو نہیں مانیں گے، وہ صرف ایک ہی کمیشن مانیں گے جو فرح گوگی کو بچا لے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی اعلان مسترد کرتے ہوئے دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کیلئے آزاد جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، پی ٹی آئی صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو۔ انہوں نے وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنے غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟۔ کرائم منسٹر اور ان کی کابینہ کو مشورہ ہے کہ گھبرانا نہیں، آپ کے گھبرانے کا وقت کل کے جلسے کے بعد شروع ہوگا۔ فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے دو تہائی وزیر ضمانتوں پر ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے دہشت گردی کے واقعات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، ملک میں تین ہفتے سے توانائی کا کوئی وزیر نہیں، وزارتوں کی بندر بانٹ کی وجہ سے ملک بحران میں ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سازش وہاں سے شروع ہوئی جہاں امریکا کی اڈے لینے کی خواہش سامنے آئی، عمران خان نے امریکا کو اڈے دینے پر ایبسولوٹلی ناٹ کہا۔ ہماری رائے ہے بحران پیدا ہونے سے پہلے انتخابات کی طرف چلے جائیں، مفتاح اسماعیل کہتے ہیں دیکھتے ہیں لوگ دھوپ میں کتنی دیر بیٹھتے ہیں، کہیں ایسا نہ ہو لوگ ایوانوں میں اور آپ دھوپ میں بیٹھیں، کل الیکشن کمیشن میں اہم کیس کی سماعت ہوگی، ہمارے فارن فنڈنگ سے متعلق تمام اکاؤنٹ کلیئر ہیں، الیکشن کمیشن نے اس کیس میں جو تیزی دکھانا تھی نہیں دکھائی، اگر پنجاب اسمبلی کے 25 لوگ نا اہل ہوتے ہیں تو ان کے پاس مینڈیٹ ختم ہوجاتا ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے عمران خان کو چھوٹے ذہن کے مخالفین ملے، پاکستان کے اقتدار کا فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، روس، امریکا اور مغرب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، موجودہ حکومت واشنگٹن سے مسلط کی گئی، پیرس اور لندن میں بھی ان کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تحت آزاد کمیشن بنایا جائے جو اوپن سماعت کرے، حمزہ شہباز واپسی پر مقصود چپڑاسی کو بھی بیرون ملک سے لیتے آئیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں ضمیر فروشوں کے ووٹ کاسٹ کرائے گئے، الیکشن کمیشن ضمیر فروشوں کو نا اہل کرے، جعلی وزیراعلیٰ چند دنوں کا مہمان ہے۔
فواد چودھری