• news

پاکستان، امارات کا تجارت ، پٹرولیم سمیت اہم شعبوں میں مضبوط تعاون پر اتفاق 


اسلام آباد+ لاہور (خبرنگار خصوصی+ نیواز رہوٹر)  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر ڈاکٹر عارف علوی، سابق صدر آصف علی زرداری سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین اور وزراء اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار  الیاس کو ٹیلیفون پر عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر نماز عید کے اجتماعات پر پابندیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کشمیریوں کو حق استصواب رائے ملنے تک بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلیفون پر سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے وزرا اعلی اور  قائم مقام گورنر بلوچستان کو بھی عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ او ر وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ٹیلیفون کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سے وزیراعظم کی ان سے بات نہ ہوسکی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین، وزراء اعلیٰ کو ٹیلی فون پر عید کی مبارکباد دی اور  نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلیفون کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی،  وزیراعظم نے وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، محسن داوڑ، خالد مقبول صدیق، سردار اختر مینگل، علامہ ساجد میر اور خالد مگسی سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی، عید کی مبارکباد دی ۔  محمود خان اچکزئی، علی نواز شاہ، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، چوہدری سالک حسین سے بھی فون پر بات کی ۔ وزیراعظم نے چوہدری سالک حسین سے چوہدری شجاعت حسین کی مزاج پرسی کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام  سروسز چیفس،  چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا،  بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کو بھی ٹیلیفون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے تہنیتی پیغام میں سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور یو اے ای کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں اور یو اے ای کے برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارکباددی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے یو اے ای کے ولی عہد نے وزیراعظم پاکستان کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی طویل المدتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اشتراک عمل اور عالمی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کے لئے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تسلسل میں متحدہ عرب امارات کے معاشی وفد نے منگل کو کو پاکستان کا اہم دورہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی اور عید کی تعطیلات میں پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور خاص طور پر معاشی محاذ پر ان تعلقات کو بلندیوں کی ایک نئی سطح پر لیجانے کی خواہشمند ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عید الفطر کی تعطیلات میں معاشی وفد کی آمد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت کی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا مظہر ہے۔ پاکستان متحدہ عرب امارات کے اس برادرانہ طرز عمل کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہے ۔ ملاقات میں فریقین نے تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، پٹرولیم سمیت دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ معاشی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق دونوں ممالک کی قیادت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہبازشریف سے ایم این اے برجیس طاہر نے ملاقات کی۔  وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان  کے 10 صوبوں میں سیلاب سے قیمتی جانوں اور مالی نقصانات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نے افغان عبوری حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغان عوام کی ہنگامی امداد کیلئے آگے آئے۔ سیلاب سے افغانستان میں انسانی بحران مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ بروقت اقدامات نہ ہوئے تو جانی نقصان بڑھنے کا خطرہ ہے۔ افغانستان میں ہنگامی اقدامات درکار ہیں۔ خوراک، طبی امداد کیلئے عالمی برادری افغانستان کی مدد کرے۔ مشکل گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہیں، افغانستان کی ہرممکن مدد کریں گے۔ سیلاب سے متاثر افغان عوام کیلئے ہنگامی امداد بھجوا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ مزنگ اور سمن آباد میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف گاڑی میں بھی مسلسل گفتگو کر تے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کو عام آدمی کی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں تھا، عام آدمی کی کمر مہنگائی نے توڑ کر رکھ دی، غفلت اور کرپشن کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا، بجلی کے وافر منصوبے ہونے کے باجود بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی رہی۔ وزیراعظم علی پرویز ملک کے گھر بھی گئے اور ایم این اے سے ملاقات کی، اس موقع پر شائستہ پرویز ملک اور اہل خانہ بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن