• news

گندم کے سرکاری کوٹہ کی بندش، لاہور میں 20 کلو آٹا تھیلا 210 روپے مہنگا


لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب میں گندم کے سرکاری کوٹے کے بند ہونے کے بعد اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 2325 روپے کے تناسب سے لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت 1310 روپے اور 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 660 روپے ہوگئی ہے۔ فلور ملز مالکان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ 1950 روپے فی من کے حساب سے مل رہا تھا اور صارفین کو  20 کلو آٹے کا تھیلا 1100روپے میں فراہم کیا جا رہا تھا جس کی بندش  کے بعد اب اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 2325روپے ملنے کے باعث 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 1280روپے، 10روپے کے ڈلیوری چارجز شامل ہونے  سے اسکی قیمت 1290روپے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت 1310روپے ہوگئی ہے۔ اگرچہ فلور ملوں نے اوپن مارکیٹ کے تناسب سے آٹے کی قیمت مقرر کی ہے لیکن ایک عام آدمی کے لئے 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 210روپے بڑھ گئی ہے۔ پہلے اسے 20کلو آٹے کا تھیلا 1100روپے کی پرچون  قیمت پر مل رہا تھا اب 210روپے کے اضافے سے 1310روپے میں ملے گا۔ واضح رہے کہ امسال حکومت پنجاب نے ایک من گندم کی کم سے کم امدادی قیمت 2200روپے مقرر کی ہے لیکن اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 2325روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے تناسب سے لاہور میں 20کلو  آٹے کے تھیلے  کی قیمت 1310 روپے اور 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 660 روپے مقرر کی ہے۔ فلور مل مالکان نے بتایا کی پنڈی میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی  قیمت 1340روپے، 10کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 670روپے، گوجرانوالہ میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت  1260روپے اور 10کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 630 روپے، بہاولپور میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1250روپے اور 10کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 625روپے، سرگودھا میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1270روپے اور 10کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 635روپے اور ملتان میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1250روپے اور 10کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 625روپے ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن