• news

 عمران  کی  کال گیم چینجر ثابت ہو گی‘ سیاسی ماحول بدل جائے گا: پرویز الٰہی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور سمیت بلدیاتی الیکشن کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کی احتجاج کی کال گیم چینجر ثابت ہو گی جس سے سارا ملکی سیاسی ماحول تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب غیر آئینی حکومت کو چیلنج کر کے کوئی غیر آئینی کام نہیں کر رہے، عوام اور ہماری مکمل سپورٹ انہیں حاصل ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بلدیاتی آرڈیننس 10 جون کو ختم ہو رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ آرڈیننس ختم ہونے سے پہلے پہلے تمام رکاوٹوں کو دور کر لیا جائے، اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی میں شامل ن لیگ کے ارکان کو بلایا ہے مگر وہ نہیں آ رہے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ  بلدیاتی سمیت جنرل الیکشن کی راہ میں ن لیگ سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ دراصل ن لیگ بلدیاتی الیکشن ہی نہیں کروانا چاہتی۔ دوسری طرف سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے شہباز گل کو ٹیلی فون کیا۔ مسلم لیگی قائدین نے شہباز گل سے انکی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس واقعے میں محفوظ  رہے۔  شہباز گل کی گاڑی کو پیچھے سے ٹکر لگنا باعث تشویش ہے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ حکومت اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرے۔

ای پیپر-دی نیشن