جھوٹے وعدے نہیں عوام کے مسا ئل حل کریں گے : حمزہ شہباز شریف
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انتقام کی سیاست کبھی کی ہے، نہ کریں گے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے نوجوان نسل کو گمراہ کیا۔ پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے غریب کو ایک گھر بھی نہیں دیا۔ نیاپاکستان بنانے والوں نے عوام کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ جعلی حکمرانوں نے نئے پاکستان میں غریب کا جینا مشکل بنا دیا۔ پونے چار سال میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مہنگائی کی چکی میں پیس دیا۔ ہم کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کریں گے۔ ہماری تمام تر توجہ عوام کی فلاح و بہبود پر فوکس ہو گی۔ عوام کی مشکلات اورمسائل کو حل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے وہاڑی کے علاقے ٹبہ سلطان پور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے گجرات کے علاقے میں معذور لڑکی کی لاش کی بے حرمتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے اور کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔