وفاقی دفاتر کے اوقات کار میں کمی ، سٹیٹ بنک نے ہفتہ کی چھٹی بحال کر دی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے کہا ہے سرکاری دفاتر کے لئے ہفتہ کام کا دن ہو گا تاہم سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 8 سے 3 بجے تک کر دیئے گئے۔ جمعۃ المبارک کے روز اوقات کار صبح 8 سے ایک بجے تک ہوں گے۔ قبل ازیں دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے شام 5 بجے تک تھے۔ دوسری طرف سٹیٹ بنک نے ہفتہ کی چھٹی کو بحال کر دیا ہے۔ تمام بینک پیر سے جمعرات تک نو بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک اور جمعہ کو نو سے شام چھ بجے تک کام کریں گے۔ پیر سے جمعرات تک ڈیڑھ بجے سے سوا دو بجے اور جمعہ کو ڈیڑھ بجے سے اڑھائی بجے تک کام میں وقفہ ہوا کرے گا۔