رانا ثنا ء کل کی بجائے آج پکڑ یں ، ہم تیار، 31مئی اہم: شیخ رشید
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رانا ثنااللہ کہہ رہے ہیں کہ گھروں سے نکال کے ماریں گے، ابھی وہ حالات نہیں آئے ہیں یہ منہ اور مسور کی دال، یہ دھمکیاں دے رہے ہیں گھروں سے پکڑیں گے، کل پکڑنا ہے تو آج پکڑیں ہم تیار ہیں۔ وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیرشیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ اپنی اوقات پر آگئی ہے، گزشتہ روزمریم نے جنرل فیض کا بار بار نام لیا اور انہوں نے لندن مین بیٹھ کر 14بار فوج کے خلاف بات کی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فرد جرم کا منتظر پالشیا اور اس کا بیٹا بھی پالشیا ہے، جب کہ 18 قتل میں ملوث اور جس پر آج بھی منشیات فروشی کا کیس تھا وزیر داخلہ بن گیا۔ ابھی وہ حالات نہیں آئے ہیں یہ منہ اور مسور کی دال، یہ دھمکیاں دے رہے ہیں گھروں سے پکڑیں گے، کل پکڑنا ہے تو آج پکڑیں ہم تیار ہیں، لیکن ہمارے ممبران کو جلد عدالتوں میں پیش کریں۔ ہم پر سب جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کریں، ہم بڑے دل کے لوگ ہیں دوبارہ آکر بھی ان کو معاف کریں گے۔ رانا ثنا اللہ ملک میں تشویشناک صورتحال پیدا کررہے ہیں، ملک میں ہنگامہ آرائی ہوگی تو معاملات خراب ہوں گے، 31مئی اہم تاریخ ہے، ہمیں ملک کو بچانے اور فوج کی عظمت نیک نامی میں اضافے کے لیے الیکشن کی تاریخ چاہئے۔ شیخ رشید نیدعویٰ کیا کہ ہماری حلقوں میں پوزیشن مقبولیت کی انتہا کو پہنچ گئی ہے، عمران خان کو انٹرنیشنل ایجنڈے سے ہٹانے سے عمران خان بڑا لیڈر بن گیا ہے، عمران خان کو نکالنے کے نتائج مختلف آئے ہیں، میرا تحریک انصاف سے تعلق نہیں میں صرف عمران خان کو سپورٹ کرتا ہوں۔
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہونے جا رہا ہے جس کی پوری تیاری ہو چکی ہے۔ سابق گورنر سندھ اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے کراچی میں پریس کانفرنس کی جس میں عمران اسماعیل نے کہا کہ آج امریکی وزیر خارجہ کے ٹیلی فون پر بلاول بھٹو اچھل رہے ہیں‘ یہی تو سازش تھی جس کا حصہ لوگ بنے‘ کچھ دانستہ اور کچھ غیر دانستہ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی قیادت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہونے جا رہا ہے۔ مارچ کا پورا پروگرام بن چکا ہے‘ جن جن لوگوں نے مسائل کھڑے کئے ان کو سامنے لائیں گے۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اﷲ کو جو کرنا ہے کر لیں‘ ہمارا کوئی خون ریزی کا ارادہ نہیں‘ ہمارا حقیقی آزادی مارچ ملک کو غلامی سے آزاد کرانے کا مارچ ہے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وڈیو والی نانی کا ہمیشہ یہی وطیرہ رہا ہے‘ کہتی ہیں سوئمنگ پول کی ویڈیو ہے‘ وڈیو ہے تو سامنے لائیں۔