چیئر مین واپڈا مزمل حسین ، ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور مستعفی ، انعام عہدہ سے فارغ
اسلام آباد+ لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین اور ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ ذرائع واپڈا کا کہنا ہے کہ چیئرمین نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا۔ چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے دوسری مرتبہ استعفیٰ دیا ہے، وہ 2016 سے بطور چیئرمین واپڈا کام کر رہے ہیں، جون 2021 میں اپنی ملازمت کی معیاد پوری ہونے پر انہوں نے اپنا استعفیٰ اس وقت کے وزیراعظم کو بھیجا تھا، تاہم وزیراعظم عمران خان نے ان کا استعفیٰ قبول کرنے کے بجائے انہیں دوسری مرتبہ اگست 2026 تک 5 سال کیلئے چیئرمین تعینات کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب حکومت کی تبدیلی کے بعد چیئرمین واپڈا نے ایک مرتبہ پھر اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہبازشریف کو بھجوا دیا ہے۔ دوسری جانب ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور نے بھی اپنا استعفیٰ حکومت کو بھیج دیا تھا، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات مبشر توقیر کو ایم ڈی سرکاری ٹی وی کا اضافی چارج تفویض کردیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل انعام غنی کو عہدے سے ہٹا دیا۔ آئی جی موٹروے انعام غنی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ ایڈیشنل آئی جی خالد محمود کو آئی جی موٹروے کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سابق آئی جی موٹروے انعام غنی کو سٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔