وزیراعظم آج لاہور آئیں گے‘ میڈیا پرسنز سے ملاقات‘ پنجاب کے سیاسی امور نمٹانے پر مشاورت ہو گی
اسلام آباد (عترت جعفری) وزیراعظم شہباز شریف آج لاہور آئیں گے جہاں ان کی میڈیا پرسنز کے ساتھ ملاقات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تاہم ان کی لاہور میں موجودگی کے دوران پنجاب کے اہم سیاسی امور نبٹانے کے حوالے سے پی ایم ایل ن کی قیادت کے درمیان مشاورت ہو گی ۔ جس میںپنجاب میں کابینہ کی تشکیل، گورنر پنجاب کی تعیناتی اور اہم صوبے کے اہم اداروں کے سربراہوں کے چناؤ کے معاملات بھی شامل ہیں۔ پنجاب میں اتحادی جماعتوں کے مطالبات پر بھی بات چیت ہو گی۔ لاہور میں گزشتہ روز پی پی پی کے سنیئر رہنماؤں کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہاز شریف سے ملاقات کی تھی، اس کے بارے میں اطلاع ہے کہ پی پی پی پورے اختیارات کے ساتھ وزارتوں کی متمنی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پی پی پی کی طرف سے کئے جانے والے مطالبات کو وزیراعظم کے سامنے رکھیںگے اور ان سے منظوری لیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گورنر پنجاب کی تعیناتی ہونے کے بعد کابینہ تشکیل دے دی جائے گی۔ ادھر ایوان صدر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے گورنر کے تقرر کا مرحلہ کسی رکاوٹ کے بغیر طے ہو جائے گا۔