ہائیکورٹ : کالعدم تنظیم کیلئے چندہ اکٹھا کرنے والا سزا سے بری `
لاہور(اپنے نامہ نگارسے)لاہورہائی کورٹ نے کالعدم تنظیم کیلئے چندہ اکٹھے کرنے کے الزام میں سزا پانے والے ملزم حسین شاہ کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کردیا، عدالت نے قراردیا کہ ملزم سے ملنے والی رسید بک پر کسی تنظیم کا نام یا جھنڈا نہیں تھارسید بک سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ملزم نے کسی قسم کا کوئی چندہ اکٹھا کیا،ریکارڈ سے ثابت نہیں ہوتا کہ ملزم کالعدم تنظیم کا رکن ہے،ملزم حسین شاہ کو انسداد دہشتگردی عدالت نے جون 2021 میں ایک سال کی سزا دی تھی، عدالت عالیہ نے ملزم کی اپیل پر سزا ختم کرکے بری کرنے کاحکم دیتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہاہے کہ تفتیشی افسر کے مطابق بھی ملزم کالعدم تنظیم کا عہدیدار نہیں تھا ،تفتشی افسر نے ملزم پر کسی دہشت گردی میں ملوث نہ ہونے کا بھی بیان دیا،استغاثہ نہ بتا سکا کہ ملزم کا فنڈز اکٹھا کرنے کا کیا طریقہ کار تھا،استغاثہ کے مطابق ملزم سے رسید بک ملی جس سے 24 رسیدیں جاری ہوئیں،جن لوگوں کو رسیدیں دیں، حیران کن طور پر کسی کو شامل تفتیش نہیں کیا،استغاثہ یہ نہیں بتا سکا کہ یہ رسید بک کہاں سے پرنٹ ہوئیں یا کس تنظیم نے جاری کیں۔