تاجر سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبوں میں حصہ ڈالیں بلاول
کراچی، اسلام آباد (این این آئی، نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاﺅس میں تاجر برادری کے رہنماﺅں نے ملاقات کی ہے۔ تاجروں کی تجاویز اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے ازالے کے لئے بزنس لائزن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ملاقات میں زبیر موتی والا، محمد علی ٹبہ، فواد انور، جاوید بلوانی، ادریس میمن، زبیر چھایا، مسعود نقی، ذکی بشیر، زید بشیر ودیگر تاجر رہنما جبکہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وقار مہدی، ناصر شاہ، سعید غنی، اختیار بیگ، علی راشد و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر بزنس لائزن کمیٹی اور اس کی ذیلی کمیٹیاں لائحہ عمل اور اصول و ضوابط کے ساتھ تاجر برادری کے مسائل کو حل کریں گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کی جانب سے کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کی امداد پر تاجر برادری نے اظہار تشکر کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تاجر برادری نے یقین دہانی کرائی کہ ملکی برآمدات میں کراچی کا حصہ 50 فیصد ہے، اگر سندھ حکومت تعاون کرے تو اسے دگنا کرسکتے ہیں، برآمدات میں کراچی کا بڑا حصہ ہے تاہم ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں سے ہمیں مناسب حصہ نہیں ملتا ہے۔ نہ صرف گیس کی قلت کا سامنا ہے بلکہ گیس ٹیرف کے معاملے میں بھی ہم سے امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے، گھوٹکی گیس فیلڈ کی 110 ایم ایم سی ایف ڈی کا حصہ سندھ کو نہیں دیا گیا، یہ غیرآئینی ہے، دسمبر 2023 میں جی ایس پی پلس کا سٹیٹس ختم ہوجائے گا، اس حوالے سے سفارتی کوششوں کو تیز کیا جائے۔ آپ پاکستان کے وزیر خارجہ ہیں، دنیا میں ہمارا پیغام لے کر جائیں کہ ہمیں ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہئے، کے فور 650 ایم جی بی تھا، عمران خان نے اس منصوبے کو 260 ایم جی بی کردیا، اس فیصلے کو واپس لینے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے تاجروں کے مطالبات پر کہا کہ تاجر برادری آگے آئے اور سندھ بالخصوص کراچی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں میں اپنا حصہ ڈالے حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ دریں اثناءبلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنما حاجی انور مہر کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ یہاں سے جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق ایم پی اے اور پی پی پی سکھر ڈویژن کے صدر حاجی انور مہر پارٹی کا اثاثہ تھے۔
بلاول