• news

لانگ مارچ خونی ہوگا تو روکیں گے شہباز شریف کسی لوٹے کے ووٹ سے وزیراعظم نہیں بنے مریم اورنگ زیب

 اسلام آباد+لاہور (خبر نگار خصوصی+ نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تم کہتے ہو لانگ مارچ خونی مارچ ہوگا، اگر خونی مارچ ہوگا تو اسے روکا جائے گا۔ شہباز شریف کا بخار صبح، دوپہر، شام عمران خان پر چڑھا ہوا ہے، تمہیں شہباز شریف کے ووٹ اور پارلیمنٹ کے ذریعے اقتدار میں آنے کا غم لگا ہوا ہے، چور اور نااہل، کرپٹ وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ان کو ان کے اتحادیوں نے وعدے پورے نہ کرنے پر چھوڑا، اگر کوئی چور، جھوٹا، سازشی ہے تو اس کا نام عمران خان ہے، فرح گوگی تحریک کے ذریعے تم توجہ نہیں ہٹاسکتے، تم نے کون سا ایٹم بم بنایا تھا جو امریکا نے تمہیں ہٹانے کی سازش کی؟۔ کوئی سازش نہیں ہوئی۔ عمران خان کو اپنے جانے کا نہیں، شہباز شریف کے آنے کا غم ہے، شہباز شریف ایک بھی لوٹے کا ووٹ لے کر وزیراعظم نہیں بنے۔ شہباز شریف کشکول توڑ کر دوست ممالک کے پاس ترقی کے لیے گئے، شہباز شریف تمہاری طرح ملک کی عزت کو روندتے ہوئے بھکاری نہیں بنے۔ 4 سال اپوزیشن اور میڈیا کی زبان بندی کی گئی، تنقید اگر بہتری کے لیے ہو تو ہم نے ہمیشہ اسے قبول کیا ہے۔ صحافیوں کے ساتھ جب غنڈا گردی کی گئی تو ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے۔ شانگلہ والا عوام کیلئے اپنے کپڑے بیچنے کو تیار ہے۔ بنی گالہ والے نے چار سال میں لوگوں کے کپڑے اتارنے کی کوشش کی۔ ایک قوم سے مانگ رہا ہے دوسرا پاکستانیوں کو دے رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمہوریت کے لیے کردار ادا کرنے والے صحافیوں کے جذبہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، گزشتہ 4 سال میں بیشتر صحافیوں کی زبان بند کی گئی۔ صحافی برادری کو یقین دلاتی ہوں ان کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی صفر کارکردگی چھپانے کے لیے دوسروں پر فتوے لگا رہا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا پریس کلب میں بات کی آزادی ہوتی ہے۔ عمران خان نے گھر کا کرایہ تک نہیں چھوڑا، میڈیا مائیک لے کر عوام کے پاس گیا تو عوام نے کہا عمران خان چور ہے۔ اگر کارکردگی شہباز شریف کی ہوگی تو عوام جوتوں کے ہار عمران خان کو پہنائے گی۔ نوجوان ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا حساب مانگ رہے ہیں۔ تمہاری وجہ سے دو کروڑ افراد بیروزگار ہوئے۔


مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن