• news

گلگت بلتستان‘ اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں پر آئینی بحران‘ چیف جج کیلئے ناموں پر غور

اسلام آباد (وقار عباسی /وقائع نگار) گلگت بلتستان کی اعلٰی عدلیہ میں تقرریوں پر آئینی بحران جنم لے رہا ہے جس کے باعث جی بی میں جوڈیشل افسران میں سخت بے چینی پائی جارہی ہے۔ چیف جج سپریم ایپلٹ کورٹ کی مدت ملازمت پوری ہونے کے باوجود ریٹائر نہ ہونے اور قائم مقام چیف جج کی تقرری کے باعث عدالتی معاملات میں تعطل پیدا ہو گیا ہے اور جوڈیشل افسران وفاقی حکومت کی جانب معاملے کے حل کے لیے نظریں اٹھائے دیکھ رہے ہیں۔ سابق حکومت کے دور میں چیف جج کی تقرری جی بی آرڈر 2018کے تحت عمل میں لائی گئی تھی تاہم انہوں نے جی بی آرڈر 2019کے تحت اپنی مدت بڑھانے کا نوٹیفکیشن کردیا تھا جسے سپریم کورٹ آف پاکستان کالعدم قرار دے چکی ہے نوائے وقت کو دستیاب دستاویزات کے مطابق اس وقت گلگت بلتستان کی اعلی عدالتوں میں ایک آئینی بحران کی صورت حال ہے گوکہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ ہفتے اس مسلے کو حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں نیا چیف جج تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے تاہم اپنی مدت پوری کرنے والے چیف جج سپریم ایپلٹ کورٹ جی بی سید ارشد حسین شاہ ریٹائر نے مدت ملازمت پوری ہونے پر عہدہ نہیں چھوڑا ہے بلکہ رجسٹرار سپریم ایپلٹ کورٹ نے اپنے سرکلر میں سنیئر ترین فاضل جج کو قائم مقام جج کی حثیت سے کام کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ کیا گلگت بلتستان کی عدالتیں آئینی عدالتوں کے زمرے میں آتی ہیں۔ ان قانونی نقاط پر سپریم کورٹ نے فریقین کو ایک ماہ میں دلائل دینے کی ہدایت کی ہے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں چیف جج سپریم ایپلیٹ کورٹ کی مدت مکمل ہوگئی تاہم وہ ریٹائر نہیں ہوئے بلکہ سنیئرترین جج کو قائم مقام چیف جج مقرر کر دیا ہے اس وقت دو چیف جج جی بی میں کام کررہے ہیں وفاقی حکومت کو اس آئینی بحران کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے مدت مکمل کرنے والے چیف جج کو یا تو ڈی نوٹیفائی کرنا ہو گا یا انہیں توسیع دینا ہو گی۔ دریں اثناءذرائع کے مطابق چیف جج سپریم اپیلٹ کورٹ سید ارشاد حسین شاہ کی مدت ملازمت 7 مئی 2022 ءکو پوری ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے چیف جج کے لئے مختلف ناموں پر غور شروع کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ریٹائرڈ جج جسٹس مشیر عالم خان‘ لاہور ہائیکورٹ کے سابق ایڈہاک جج راجہ شفقت محمود عباسی‘ سینئر قانون دان بیرسٹر جہانگیر جدون اور اشرف گجر ایڈووکیٹ کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
گلگت بلتستان

ای پیپر-دی نیشن