اتحادی حکومت کی انتقامی سیاست ریاست کیلئے زہرقاتل ہے :مدثر مصطفی
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنماء حافظ مدثر مصطفی نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی انتقامی سیاست ریاست کیلئے زہرقاتل ہے حکمرانوں کے منفی طرز سیاست سے ان کیخلاف عوامی نفرت میں شدت آئے گی عمران خان،شیخ رشید اورفوادچوہدری سمیت سیاسی رہنماؤں کیخلاف مقدمات یقینا آمرانہ اقدامات کے زمرے میں آتے ہیں،بوگس مقدمات کو فوری خارج کیا جائے، اپنے ایک بیان میںحافظ مدثر مصطفی نے کہا کہ اتحادی حکومت کی انتقامی روش سے بدانتظامی کاسورج سوا نیزے پرآجائے گا اتحادی حکمران ڈینگیں مارنے کی بجائے ڈیلیور کریں جوکوئی چوری اوربدعنوانی میں ملوث ہے وہ اپنا حساب دے گا، انہوں نے کہا کہ مسجدنبوی ؐواقعہ ایک ہجوم کی ہیجان انگیزی کاشاخسانہ ہے تاہم اس کادفاع نہیں کیا جاسکتامگر اس میں ریاست مدینہ کے داعی عمران خان اورانتخابات کیلئے حلف نامہ میں نقب لگانیوالے کرداروں کوبے نقاب کرنیوالے شیخ رشید کوملوث کرنا حکمرانوں کی منتقم مزاجی اوربدنیتی ظاہرکے سوا کچھ نہیں۔