عمران کا بیان آئین شکنی پر غنڈہ گردی ہے: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان کو آئین شکنی کے اوپر غنڈہ گردی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تقاضوں کی بات عمران صاحب کی سیاسی منافقت ہے‘ کسے دھوکہ دے رہے ہیں؟۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران صاحب نے قومی اسمبلی میں جو شرمناک تماشا کیا، اسی کو پنجاب میں دہرایا، قومی اسمبلی میں کی جانے والی آئین شکنی اور غنڈہ گردی پنجاب میں بھی دہرائی گئی، عمران صاحب آپ کا اور آپ کی کٹھ پتلیوں کا یہ رویہ ہے، جس کی وجہ سے عدالتوں کے دروازے نصف شب کو کھولے گئے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں چوروں کی طرح آپ نے آئین اور پارلیمنٹ پر شب خون مارا تو رات کو عدالت لگی، عمران صاحب آپ تو دن کے اجالے میں آئین کو پامال کرتے اور غنڈہ گردی کرتے ہیں، آئین شکن کے منہ سے آئین کی بات؟ کچھ شرم؟۔ توہین عدالت کے مجرم عدالت سے نوٹس لینے کی اپیلیں کس منہ سے کر رہے ہیں؟۔ پہلے گھوسٹ انتخاب سے مجرم کٹھ پتلی عمران صاحب پاکستان پر مسلط ہوئے، پھر آئین شکنی کر کے دوہرا آئینی جرم کیا۔