• news

قومی ہاکی ٹیم کا ٹر یننگ کیمپ، بھارت کو ہرانے کی خوائش ہے


لاہور(سپورٹس رپورٹر)عید کی چھٹیوں کے بعد قومی فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں جاری ہے۔پاکستان فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ نیشنل ہاکی سٹیدیم میں جاری ہے جس میں کوچز ریحان بٹ اور وقاص شریف کیمپ کو سپر وائز کر رہے ہیں۔فزیکل ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے مختلف ڈرلز کیں فائیو اے سائیڈ ایونٹ کیلئے ممکنہ 15 کھلاڑی کیمپ میں شامل ہیں جبکہ حتمی سکواڈ کیلئے 9 کھلاڑیوں کو 15 مئی کو شارٹ لسٹ کیا جائیگا۔قومی ہاکی ٹیم 2 جون کو سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگی جہاں لوزین میں فائیو اے سائیڈ پانچ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کریگی، ایونٹ 4 اور 5 جون کو کھیلا جائیگا۔ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سوئٹزرلینڈ، پولینڈ اور ملائیشیا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ سابق اولمپئن اور کوچ ریحان بٹ نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کی طرح ہاکی فائیو میں بھی پاکستان کی کامیابی کے روشن امکانات ہوسکتے ہیں۔یہ تیز ترین اور نیا فارمیٹ میں ہے جس میں بال میدان سے باہر نہیں جاتی اور سب کھلاڑیوں کو ہر وقت متحرک رہنا پڑتاہے۔ گولز کی تعداد زیادہ ہونے سے فینزبھی اس میں گہری دلچسپی لیں گے۔ یقین ہے کہ اس فارمیٹ میں ہمارے کھلاڑی بہت کچھ سیکھنے اور زیادہ بہتر پرفارمنس دینے کے قابل ہوں گے۔ کیمپ کے پہلے مرحلے میں فٹنس پر توجہ دی گئی، اب آخری مرحلے میں سکلز ورک پر زیادہ فوکس کیاجارہاہے۔ اس وقت کیمپ میں 15 کھلاڑی ہیں جن میں حتمی 9 رکنی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ ایونٹ میں بھارت اور ملائیشیا کیساتھ پولینڈ اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، کوشش ہوگی کہ بھارت اور ملائیشیا کو ہراکر فائنل میں جگہ بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن