جونیئر پریمیئر لیگ کرکٹ کی بنیادوں کو تباہ کر سکتی ہے : خواجہ ندیم احمد
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق رکن اور لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد نے کہا ہے کہ جونیئر پریمیئر لیگ کرکٹ کی بنیادوں کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ اس عمر میں کرکٹرز کھیل کی بنیادی چیزوں کو سمجھنے، پختہ کرنے، صلاحیتوں کو نکھارنے اور لمبی کرکٹ کھیلنے کے طریقے سیکھ رہے ہوتے ہیں۔ سترہ، اٹھارہ یا انیس سال کے بچوں کو زیادہ سے زیادہ لمبی کرکٹ کھیلنے کا موقع دینا چاہیے لیکن بدقسمتی سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین کی ساری توجہ ٹی ٹونٹی کرکٹ پر ہے۔ تازہ ترین ظلم یہ ہوا ہے کہ جونیئر پریمیئر لیگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اعلان سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ نئے آنے والوں کو مار دھاڑ والی کرکٹ پر لگایا جا رہا ہے، باؤلرز بھی صرف رنز سے بچنے والی باؤلنگ کریں گے۔ یہ تیاری پاکستان کرکٹ کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے، محدود اوورز کی کرکٹ سے کھیل میں دلکشی کم ہوتی ہے۔ بھارت اور اچھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے یا جونیئر لیول پر طویل دورانیہ کی کرکٹ پر توجہ دینے والوں کے پاس آج بھی اچھے بیٹرز سامنے آ رہے ہیں۔ ہم ویسٹ انڈیز کی تباہی اور انگلینڈ کے زوال سے سبق سیکھنے کے بجائے تباہی ہے راستے پر چل نکلے ہیں۔ رمیز راجہ سے ایسے فیصلوں کی ہرگز توقع نہیں تھی۔